Jan ۲۱, ۲۰۱۹ ۱۵:۲۱ Asia/Tehran
  • افغانستان میں طالبان کا حملہ دسیوں سیکورٹی اہلکار ہلاک اور زخمی

افغانستان کے صوبے میدان وردک میں طالبان نے سیکورٹی بیس پر حملہ کر کے بارہ سیکورٹی اہلکاروں کو ہلاک اور بیس سے زائد دیگر کو زخمی کر دیا-

افغانستان کے ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ پیر کو صوبہ میدان وردک کے صدر مقام میدان شہر میں طالبان کے ایک حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری ہوئی ایک گاڑی کو سیکورٹی بیس کے قریب دھماکے سے اڑا دیا جس کے بعد دیگر حملہ آور بیس کے اندر داخل ہو گئے-

اس حملے میں بارہ افغان سیکورٹی اہلکار مارے گئے- افغان سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں تین حملہ آور بھی مارے گئے ہیں-

اس حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول بھی کی ہے- میدان شہر کے اسپتال کے انچارج محمد اسلم اصغر خیل نے بھی تصدیق کی ہے کہ بارہ سیکورٹی اہلکاروں کی لاش اسپتال منتقل کر دی گئی جبکہ اٹھائیس سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن میں بعض کی حالت انتہائی تشویشناک ہے-

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ حملہ طالبان نے کیا ہے-