Aug ۱۵, ۲۰۱۹ ۱۸:۳۶ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر خارجہ طاغوتی طاقتوں کے مقابلے میں حق کے ترجمان ہیں

حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ ایرانی وزیرخارجہ دنیا کے طاغوتوں کے مقابلے میں حق کے ترجمان ہیں۔

حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ کے نام اپنے پیغام میں امریکا کے ذریعے ڈاکٹر جواد ظریف پر عائد کی گئی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ استقامتی تحریک ایرانی وزیرخارجہ کے ساتھ ہے۔ حزب اللہ کے سربراہ نے ایرانی وزیرخارجہ کے نام اپنے اس پیغام میں انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بین الاقوامی فورم اور اداروں میں ایک مضبوط اور منطقی آواز اور دنیا کے طاغوتوں کے مقابلے میں حق کے ترجمان ہیں۔ انہوں نے ایران کے وزیرخارجہ کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لبنانی عوام امریکی پابندیوں کے مقابلے میں ڈاکٹر جواد ظریف کی حمایت کرتے ہیں۔ حزب اللہ کے سربراہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکا کی ظالمانہ پابندیوں اور اقدامات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ جب امریکا کو دوہزار چھے میں لبنان کی اسلامی استقامتی تحریک کے مقابلے میں شکست ہوچکی ہے تو اب وہ کیونکر ایران جیسے طاقتور ملک اور اس کے عظیم الشان رہبر کے مقابلے میں آرہا ہے۔ انہوں نے ایران کے خلاف امریکا کی قومی سلامتی کے امور کے مشیر جان بولٹن کی دھمکیوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ جو بولٹن آج ایران کے اسلامی جمہوری نظام کو دھمکی دے رہا ہے وہ اپنی پوری زندگی میں کسی بھی میدان میں ایک بھی کامیابی حاصل نہیں کرسکا ہے۔