ایرانی ہیکروں نے اسرائيلی ٹکنالوجی کی کھول دی پول، بے شمار اسرائیلی حکام کے فون ہیک ، ڈیٹا بھی شائع ، اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ
لندن سے شائع ہونے والے اخـبار رای الیوم نے اسرائيلی میڈیا کے حوالے سے ایران سے منسوب ہیکروں کی ایک کارروائی پر رپورٹ شائع کی ہے جس کا ترجمہ یہاں پیش کیا جا رہا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ہیکر گروپ "حنظلہ" کی طرف سے اسرائيل کے وزیر وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر کے سربراہ کا فون ہیک کرنے کے بعد سیکوریٹی اور میڈیا اہلکاروں کے دستاویزات، تصاویر اور رابطوں کی فہرستیں شائع ہونا شروع ہو گئی ہیں
اسرائیلی اخبار کے مطابق " اتوار کے روز ایک "ایرانی ہیکر گروپ" نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر کے سربراہ کے فون سے حاصل کردہ مواد شائع کرنا شروع کر دیا۔
اسرائیلی اخبار "یدیعوت احارونوت" کے مطابق، "حنظلہ" گروپ نے دعوی کیا ہے کہ وہ نیتن یاہو کے دفتر کے سربراہ تساحی بریورمین کے فون سے حاصل کردہ "دستاویزات، تصاویر اور رابطوں کی فہرستیں" شائع کر رہا ہے۔
در اصل "حنظلہ" ایک کارٹون کردار ہے جو فلسطینی مزاحمت کی علامت ہے، جسے فلسطینی آرٹسٹ ناجی العلی نے سن 1969 میں تخلیق کیا تھا۔ یہ اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کے خلاف صبر و مزاحمت کی علامت ہے۔
در ایں اثنا اسرائیل کے چینل 14 نے بتایا کہ "ایرانی ہیکر گروپ 'حنظلہ' کے بریورمین کے موبائل فون ہیک کرنے کے اعلان کے فورا بعد، اس گروپ نے اس فون کے ڈیٹا کو شائع کرنا شروع کر دیا ہے۔"
چینل نے وضاحت کی کہ "گروپ نے اب تک رابطوں کی 110 صفحات پر مشتمل فہرست اور بریورمین کا ذاتی نمبر شائع کر دیا ہے۔"
چینل کے مطابق، "گروپ نے اہم شخصیات، سیکورٹی اور میڈیا اہلکاروں کے نام اور نمبرز، کچھ مخصوص مراسلات، غیر خفیہ دستاویزات، اور نجی تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر شائع کی ہیں۔"
اتوار کی صبح، "حنظلہ" نے بریورمین کا فون ہیک کرنے کا اعلان کیا، جو اسرائيلی نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیل کے برطانیہ میں سفیر مقرر ہونے والے ہیں۔
نشریاتی ادارے کے مطابق، "حنظلہ" نے ایک بیان میں کہا: "بریورمین کا آئی فون 16 پرو میکس ہیک کر لیا گیا ہے… ابھی نہیں، بلکہ 'حنظلہ' برسوں سے نگرانی، ہیکنگ اور جاسوسی کر رہا ہے۔"
بریورمین کے سلسلے میں گروپ نے اپنے بیان میں کہا ہے : "وہ خاموش محافظ جس پر آپ کو بھروسہ تھا، جو 'بی بی' (نیتن یاہو) کی دنیا چلاتا ہے، ؛ یہ طے کرتا ہے کہ کون کیا کرے گا اور تمام گندے راز جمع کرتا ہے، وہ اب ان کی سب سے بڑی کمزوری بن گیا ہے۔"
بیان میں مزید کہا گیا: "ہمارے پاس سب کچھ ہے، خفیہ گفتگو، خفیہ معاہدے، شرمناک اخلاقی اور مالی ساز باز، اختیارات کا غلط استعمال، بلیک میلنگ، خاموشی کے لیے رشوت کے ثبوت۔"
نیتن یاہو کے دفتر نے فوری طور پر دفتر کے سربراہ کے فون ہیک ہونے کے اعلان پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
گذشتہ ہفتے، حنظلہ گروپ نے اسرائیلی سیاستدانوں سے منسوب مواد شائع کرنے کی دھمکی دی تھی، جن میں اسرائيل کے سابق وزیر جنگ بینی گانٹز، سابق وزير یوآو گیلانٹ، قومی سلامتی وزیر کے اِتمار بن گویر، اور رکن پارلیمنٹ تالی گوٹلیب شامل ہیں۔
اسرائیلی نشریاتی ادارے کے مطابق، "گانٹز اور گوٹلیب کے فونز پہلے ہیک ہو چکے ہیں، لیکن بن گویر اور گیلانٹ کے فونز ہیک ہونے کی اطلاعات نئی ہیں۔"
کچھ دن پہلے، بینیٹ نے اپنے ٹیلیگرام اکاؤنٹ ہیک ہونے کی تصدیق کی تھی، اور رابطوں کی فہرست کے ساتھ ساتھ تصاویر اور گفتگو بھی شائع کی تھیں۔
"حنظلہ" نے بینیٹ کی تقریباً 5 ہزار رابطوں کی فہرست آن لائن شائع کی، جن میں اسرائیلی سیکورٹی اداروں کی اعلی سطحی شخصیات، سیاستدان، ایلیٹ یونٹس کے فوجی، اور صحافی شامل ہیں۔
نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے حنظلہ گروپ کے دعوے کی تردید کے بعد اس گروپ نے کچھ ڈیٹا شائع کئے ۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
گذشتہ دو برسوں میں، اسرائیلی حکام نے وقتا فوقتا درجنوں اسرائیلیوں کو ایران کے لئے جاسوسی کے شبہہ میں گرفتار کیا ہے، جبکہ ایران نے ان رپورٹوں پر خاموشی اختیار کی ہے۔
گزشتہ جون میں، امریکی حمایت سے اسرائیل نے ایران پر 12 دنوں تک جنگ مسلط کی، جس کا ایران نے جواب دیا، جس کے بعد امریکہ نے جنگ بندی کا اعلان کیا۔
اب ایک بار پھر اسرائیل کی جانب سے ایران پر نئی جنگ مسلط کرنے کے خدشات بڑھ رہے ہیں اور نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گرین سگنل حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہيں ۔
فلوریڈا میں، پیر کے روز، ٹرمپ نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے۔
( رای الیوم سے ماخوذ )