Aug ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۴:۵۰ Asia/Tehran
  • پاکستان نے امریکی الزام کو سختی سے مسترد کر دیا

پاکستان نے دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں سے متعلق امریکی صدر کے بیان کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کو الزام تراشی کے بجائے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو نظرانداز کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور دہشت گردی میں ملوث گروہ سرحد کے اس پار موجود ہیں۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ محفوظ پناہ گاہوں کےغلط بیانیے کے بجائے امریکا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا ساتھ دے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا یہ بیان وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں ہونے والے کابنیہ کے اجلاس کے بعد سامنے آیا ہے۔
پاکستان کے سابق صدر اور حزب اختلاف کی جماعت پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری نے بھی امریکی صدر کے بیان پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی مالی امداد روکنے کے لیے بے بنیاد الزامات کا سہارا لے رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اکیس اگست کو افغان پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کھلے بندوں پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام عائد کیا تھا۔