Nov ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۹:۳۷ Asia/Tehran
  • اسلام آباد میں مظاہرین اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان تصادم

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں دھرنا دینے والوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں کم سے کم سولہ پولیس اہلکار اور درجنوں دھرنا دینے والے زخمی ہوگئے

اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے فیض آباد انٹرچینج پر دیا جانے والا دھرنا پندرھویں روز میں داخل ہوگیا۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ دھرنا ختم نہ کرانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیرداخلہ اور سیکرٹری داخلہ کو طلب کرلیا۔رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے عدالت کو بتایا کہ دھرنے دینے والوں نے لاہور سے سفر شروع کیا تو پنجاب حکومت کو یقین دہانی کرائی تھی کہ دھرنا نہیں دیں گے ، صرف احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتے ہیں۔حکومت نے دھرنا ختم کرانے کے لیے عدالت سے مزید اڑتالیس گھنٹے کی مہلت طلب کرلی ہے ۔اسلام آباد سے موصولہ تازہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دھرنا دینے والوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں کم سے کم سولہ پولیس اہلکار اور درجنوں دھرنا دینے والےزخمی ہوگئے ۔ یہ جھڑپیں اس وقت ہوئی جب دھرنا دینے والوں نے اسپیشل برانچ کے حکام کو یر غمال بنالیااور پولیس نے انہیں آزاد کرانے کے لئے طاقت کا استعمال کیا ۔ پولیس نے دھرنا دینے والوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور دھرنا دینے والوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا ۔دوسری جانب کراچی میں بھی ایم اے جناح روڈ، نمائش چورنگی پر سنیچر سے دھرنا شروع ہوگیا ہے ۔