Jul ۲۲, ۲۰۱۹ ۱۹:۳۰ Asia/Tehran
  • عمران خان اور ٹرمپ کے درمیان ملاقات متوقع

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان امریکہ کا تین روز سرکاری دورہ کر رہے ہیں جہاں آج امریکی صدر سے ان کی ملاقات متوقع ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دمیان ملاقات میں مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جن میں تجارت اور سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون میں اضافہ اور افغانستان میں قیام امن جیسے معاملات شامل ہیں۔
پاکستانی میڈیا نے مجوزہ ملاقات کو امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کی تجدید کے حوالے سے دونوں رہنماؤں کی کوششوں کا حصہ قرار دیا ہے۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب پاکستان اور امریکہ کے درمیان مختلف معاملات پر شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔
پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات سن دو ہزار سترہ میں اس وقت کشیدہ ہو گئے تھے جب ٹرمپ نے افغانستان اور جنوبی ایشیا کے حوالے سے اپنی حکومت کی پالیسی کا اعلان اور پاکستان پر دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے فراہم کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔