Feb ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۴:۲۶ Asia/Tehran
  • پاک ایران پارلیمانی دوستی گروپ کی ایرانی سفیر سے ملاقات

اسلام آباد میں تعینات ایرانی سفیر اور پاک ایران پارلیمانی دوستی گروپ کے ارکان نے دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی تعاون اور تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی اور پاک ایران پارلیمانی دوستی گروپ کے ارکان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی تعاون میں حائل رکاوٹوں اور مشکلات کے حل میں پارلیمانوں کے کردار پر زور دیا گیا۔ ایران کے سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانیں پاکستان اور ایران کے درمیان وسیع تر عوامی رابطوں کے فروغ کا راستہ ہموار کرسکتی ہیں۔ سید محمد علی حسینی نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان ایک دوسرے کے قریبی ہمسایہ ملک ہیں اور انہیں بیرونی طاقتوں کو اپنے باہمی روابط میں خلل ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دینا چاہیے۔ پاک ایران پارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ سید نوید قمر نے اس موقع پر  اسلام آباد اور تہران کے درمیان تعلقات کے فروغ کو ضروری قررا دیا۔ انہوں نے کشمیر کے بارے  میں اعلی ایرانی قیادت اور اراکین پارلیمنٹ کے موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مسلمانوں کے حقوق کے دفاع میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔