ہندوستان: دہلی میں مسلم طالبہ کو کرائے پر مکان دینے سے انکار
ہندوستان میں مذہبی تعصب کا ایک واقعہ سامنے آیا ہے جس میں دارالحکومت دہلی میں مبینہ طور پر ایک مسلم طالبہ کو کرائے پر مکان دینے سے انکار کردیا گیا۔
سحرنیوز/ہندوستان: ممبئی سے شائع ہونے والے اخبار "اردو ٹائمز" کی رپورٹ کے مطابق دہلی میں رہنے والی ایک مسلم کشمیری طالبہ "منزہ" کی ایک مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں طالبہ دہلی میں فلیٹ تلاش کرنے کے لئے اپنی جد و جہد بیان کرتی ہے۔ ویڈیو میں طالبہ دعویٰ کرتی ہے کہ اس کی شناخت کی وجہ سے اسے مکان دینے سے بار بار منع کیا گیا۔
ویڈیو میں الزام لگایا گیا ہے کہ "منزہ" کو مسلمان ہونے کی وجہ سے فلیٹ دینے سے انکار کیا گیا اور یہاں تک کہ فلیٹ دینے کے لئے اس کا حجاب اتارنے کو کہا گیا۔ اس ویڈیو میں "منزہ" دعویٰ کرتی ہے کہ بہت سے مالک مکان مسلمانوں کو فلیٹ کرائے پر دینے سے صاف انکار کر دیتے ہیں اور جب وہ کشمیری ہونے کا انکشاف کرتی ہے تو صورت حال مزید خراب ہوجاتی ہے۔
کشمیری طالبہ نے یہ بھی الزام لگایا کہ ایک شخص نے اس سے کہا کہ اس کو اس صورت میں ہی فلیٹ مل سکتا ہے جب وہ حجاب اتار دے گی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
قابل ذکر ہے کہ بعض سوشل میڈیا صارفین نے سوال کیا ہے کہ اس کا طرح کا عمل کب تک جاری رہے گا؟ بعض دوسرے صارفین نے اس واقعے کو اقلیتوں کے خلاف گہرے تعصب کی عکاسی قرار دیا ہے۔