Aug ۱۸, ۲۰۱۷ ۲۰:۵۲ Asia/Tehran
  • پروفیسر علی اصغر خدا دوست آستانہ قدس رضوی کے اہم ترین نشان سے سرفراز

امریکا کی جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے ایرانی پروفیسر علی اصغر خدا دوست کو امام رضا علیہ السلام کے آستانہ قدس رضوی کے محکمہ صحت کے اعلی ترین نشان ؛ خادمیار سلامت رضوی؛ سے نوازا گیا ہے۔

ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ  دنیا کے مشہور ترین آنکھ کے ڈاکٹر اور امریکا کی جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے پروفیسر علی اصغر خدا دوست کو مشہد مقدس میں آستانہ قدس رضوی کے محکمہ صحت کے اعلی ترین اعزازی تمغے خادمیار سلامت رضوی سے نوازا گیا۔

امام رضا علیہ السلام کے روضے کے ادارے آستانہ قدس سے وابستہ محکمہ صحت کا طبی مرکز، روضے کے انتہائی نزدیک واقع ہے جو چوبیس گھنٹے مختلف قسم کے مریضوں کو خدمات پیش کرتاہے۔

پروفسیر علی اصغرخدا دوست عالمی سطح پر شہرت یافتہ آنکھ کے ڈاکٹر ہیں۔ انہیں امریکا میں آنکھ کے بڑے  بڑے ڈاکٹروں نے قرنیہ کی پیوندکاری کا بہترین جراح قراردیا ہے۔

ایران میں قرنیہ کی پیوندکاری کا سب سے پہلا کامیاب آپریشن انیس سڑسٹھ میں پروفیسر علی اصغر خدا دوست نے ہی انجام دیا تھا۔