Sep ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۸:۱۲ Asia/Tehran
  • لازوال قربانی

دسویں محرم اسلامی تاریخ ہی نہیں بلکہ انسانی تاریخ کی وہ تاریخ ہے جسے کبھی بھلایا نہیں جا سکتا-

آج ایک بار پھر یہ تاریخ آئی ہے تو اپنے ساتھ یادوں کا کبھی نہ ختم ہونے والا سلسلہ بھی لائی ہے-دس محرم کو پیغمبر اسلام ص کے نواسے حضرت امام حسین اور آپ کے ساتھیوں نے ایسی قربانی پیش کی جس نے یزید ہی نہیں بلکہ یزیدی افکار و نظریت کو ہمیشہ کے لئے دفن کردیا- روز عاشور یا دسیوں محرم کا واقعہ بظاہر ایک دن کا واقعہ ہے جس نے پوری تاریخ کو ہلا کر اور بدل کر رکھ دیا-اس دن امام حسین ع پر یزید کی ظالم فوج، مظالم کی انتہا کر رہی تھی اور امام حسین ع کے ساتھیوں کو قتل کر رہی تھی مگر ساتھ ہی ساتھ اپنا یہ انجام بھی یقینی بناتی جا رہی تھی کہ وہ پوری تاریخ میں کبھی منھ دکھانے کے قابل نہیں رہے گی-حضرت حسین نے اپنے بھائی عباس کی قربانی پیش کی، حضرت حسین نے اپنے جوان بیٹے علی اکبر کی قربانی پیش کی ، حضرت حسین نے اپنے چھے مہینے کے بچے علی اصغر کی قربانی پیش کی، حضرت حسین نے اپنے بھانجوں عون و محمد کی قربانی پیش کی ، حضرت حسین نے اپنے بھتیجے قاسم کی قربانی پیش کی یہاں تک کہ امام حسین ع نے آخر میں خود اپنی جان بھی اسلام پر نثار کردی - امام حسین ع جب شہید ہوئے تو آپ کی بہن حضرت زینب نے اللہ کی بارگاہ میں عرض کیا کہ اے پروردگار تو ہماری اس قربانی کو قبول کرلے-حضرت امام حسین ع اللہ کی اطاعت و بندگی سے سرشار ہو کر قربانیوں پر قربانیاں دیتے رہے اور اللہ تعالی ان کے ہر عمل کو زندہ و جاوید بناتا چلا گیا اور اسی لئے آج چودہ سو برس گذرنے کے بعد بھی امام حسین ع کی قربانیوں کو یاد کیا جا رہا ہے اور دنیا کے کونے کونے سے یا حسین یا حسین کی آوازیں بلند ہو رہی ہیں-