Mar ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۴:۳۱ Asia/Tehran
  • تہران میں جشن نوروز کی عالمی تقریب کا انعقاد

عالمی جشن نوروز کی تقریب اتوار کے روز تہران میں منعقد ہوئی جس میں اقوام متحدہ اور مختلف ملکوں کے ثقافتی اتاشیوں نے شرکت کی۔

 اس موقع پر مختلف ملکوں کی نوروز کی رسومات کی نمائش اور موسیقی کی مخصوص دھنیں پیش کی گئیں۔ تقریب میں نوروز کے یادگار ٹکٹ کی رونمائی بھی کی گئی جبکہ تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف ملکوں کے نوروز کے رسم و رواج اور تاریخی دستاویزات کی عکاسی کی گئی ہے۔
جشن نوروز کی عالمی تقریب سے ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری، وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ علی اکبر صالحی بھی شریک تھے۔
 ثقافت و سیاحت اور دستکاریوں کے امور میں صدر ایران کی معاون خصوصی محترمہ زہرا احمد پور نے عالمی جشن نوروز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوروز ایک ایسا عالمی تہوار ہے کہ جس کی جڑیں ایران میں پیوست ہیں۔
 انہون نے کہا کہ مشرق وسطی، وسطی ایشیا، قفقاز، برصغیر ہند اور بلقان کے ملکوں میں بھی جشن نوروز منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوروز کی جغرافیائی وسعت اور انسان دوستی کے پیغام کے باعث اقوام متحدہ نے اس پر خصوصی توجہ دی ہے اور یونیسکو میں اسے عالمی تہوار کے طور پر درج کیا گیا ہے۔
 قابل ذکر ہے کہ نوروز کا جشن دنیا کے  بارہ ملکوں میں باضابطہ طور پر منایا جاتا ہے جبکہ ایران سمیت نو ملکوں میں اکیس مارچ کو اس جشن کے موقع پر عام تعطیل بھی کی جاتی ہے۔