Jul ۲۰, ۲۰۱۸ ۲۰:۳۶ Asia/Tehran
  • پاکستان نے چوتھے ایک روزہ میں بھی زیمبابوے کو ڈھیر کردیا

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں میزبان ملک زیمبابوے کو ریکارڈ مارجن کے ساتھ شکست دے دی ہے۔

مبابوے کے شہر بلاوائیو میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں فخر زمان اور امام الحق نے جارحانہ انداز میں کھیل کا آغاز کیا اور بھرپور اعتماد کے ساتھ اننگز کو نہ صرف آگے بڑھایا بلکہ پاکستان کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور رقم کیا۔

پاکستانی اوپنر فخرزمان نے زیمبابوے کے خلاف ناقابل شکست 210 رن بنائےاور ایک روزہ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین بن گئے۔ امام الحق نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اورایک سو تیرہ رن بنا کر آوٹ ہوئے۔

پاکستان نے مقررہ 50 اوور میں ایک کھلاڑی کے نقصان پر 399 رن  بنا کر میزبان ٹیم کو ایک مشکل ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے دیے گئے تاریخی 400 رن  کے جواب میں زیمبابوے کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی اورپوری ٹیم  42.4 اوور میں صرف 155رن پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جس کے باعث زیمبابوے نے ابتدائی 5 وکٹیں 100 رنز سے پہلی ہی گنوا دی تھیں۔

اس  فتح کے بعد پاکستانی ٹیم  کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں زمبابوے پر 0-4 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی ہے۔

 سیریز آخری میچ 22 جولائی تاریخ کو کھیلا جائے گا۔