Sep ۲۲, ۲۰۱۷ ۲۱:۰۴ Asia/Tehran
  • امریکا کو شمالی کوریا کی دھمکی

شمالی کوریا کے رہنما نے اپنے ملک کے خلاف امریکی صدر کے دھمکی آمیز بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نفسیاتی مریض ہیں اور انہیں پیانگ یانگ کے خلاف اپنی ہرزہ سرائی کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے صدر ٹرمپ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میں وہ کام کروں گا کہ امریکہ کے اعلی ترین منصب پر بیٹھا یہ شخص سلامتی کونسل میں اپنی تقریر اور شمالی کوریا کو کھنڈرات میں تبدیل کرنے کی دھمکی کی بھاری قیمت چکانے پر مجبور ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نفسیاتی امراض میں مبتلا ہے اور اسے شمالی کوریا کے خلاف دھمکیوں کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسملبی کے بہترویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن، شمالی کوریا کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا بھی فیصلہ کرسکتا ہے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر شمالی کوریا نے ایٹمی تنازعے پر پسپائی اختیار نہ کی تو امریکہ شمالی کوریا کو صفحہ ہستی سے نابود کرنے پر مجبور ہوجائے گا۔ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کو میزائل بردار شخص قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ شخص اپنے ملک اور عوام کے خلاف خودکش حملہ کرنا چاہتا ہے۔یہاں اس بات کا ذکر بھی ضروری ہے کہ امریکی صدر نے جمعرات کو نئے فرمان پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت امریکی وزارت خزانہ کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے ساتھ تجارت کرنے والے غیر ملکی تاجروں اور کمپنیوں پر پابندی عائد کرے۔اسی دوران شمالی کوریا کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکی صدر کی دھمکیوں اور اقدامات کا جواب بحرالکاہل میں نئے ایٹمی تجربے کی شکل میں دے گا۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یانگ ھو نے ٹرمپ کی دھمکیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک عنقریب بحرالکاہل کے علاقے میں ایک ہائیڈروجن بم کا تجربہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنگ پسندانہ تقریر کے بعد سے امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان کشیدگی میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ وہ اس سے پہلے بھی شمالی کوریا کو امریکی غضب کی آگ میں جلانے کی دھمکی دے چکے ہیں۔جزیرہ نمائے کوریا کی کشیدگی کو ہوا دینے والا امریکہ، شمالی کوریا سے اپنے ایٹمی اور میزائل تجربات روکنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ تاہم پیانگ یانگ کا کہنا ہے کہ جب تک امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک شمالی کوریا کے خلاف مخاصمانہ اقدامات کا سلسلہ ترک نہیں کردیتے وہ اپنی دفاعی اور ایٹمی طاقت میں مسلسل اضافہ کرتا رہے گا۔