Sep ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۹:۲۱ Asia/Tehran
  • امریکہ میں فلورینس طوفان کی تباہ کاری، پورے علاقے میں بجلی کی سپلائی منقطع

امریکہ میں فلورینس طوفان کے نتیجے میں تباہی کا سلسلہ جاری ہے اور لاکھوں مکانات اور دوکانوں نیز مختلف تجارتی و صنعتی علاقوں کی بجلی منقطع ہو گئی ہے۔

ہماے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق مشرقی امریکہ کے سواحل پر فلورینس طوفان کے نتیجے میں مختلف طرح کی تباہی کا سلسلہ جاری ہے اور پورا علاقہ بجلی سے محروم ہو گیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شمالی کیرولائنا میں بارشوں کا پچھلا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ مختلف علاقوں اور شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا ہے اور کئی علاقوں میں لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کے رہ گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ آئندہ منگل تک جاری رہے گا جس کے نتیجے میں طوفان و سیلاب کی تباہ کاریوں میں مزید اضافہ ہونے کا امکان پایا جاتا ہے۔

طوفان کے نتیجے میں پیش آنے والے واقعات میں چھے افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ فلورینس طوفان گذشتہ تین عشروں کا سب سے طاقتور اور تباہ کن طوفان بتایا جاتا ہے۔