Nov ۱۵, ۲۰۱۸ ۱۶:۳۴ Asia/Tehran
  • امریکی صدر پر فرانسیسی صدر کی کڑی نکتہ چینی

فرانسیسی صدر امانوئیل میکرون نے امریکی صدر پر واضح کر دیا ہے کہ ان کا ملک واشنگٹن کے تابع نہیں ہے۔

یورپی فوج کی تشکیل سے متعلق بیان پر امریکی صدر کے طنز کا جواب دیتے ہوئے فرانسیسی صدر نے کہا کہ واشنگٹن کے ساتھ اتحاد کا مطلب یہ نہیں کہ فرانس، امریکہ کا تابع بن گیا ہے۔
فرانسیسی صدر نے ایک بار پھر کہا کہ یورپ اپنی سلامتی کے لیے محض امریکہ پر بھروسہ نہیں کر سکتا۔
فرانسیسی صدر کے ترجمان بنیامین گریویکس نے ٹرمپ کے طنز کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کو فرانسیسی صدر پر تنقید کرنے کے بجائے، پیرس حملوں کی برسی کے موقع پر تھوڑی بہت غیرت کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔
قابل ذکر ہے کہ ٹرمپ نے سن دو ہزار پندرہ کے پیرس حملوں کی برسی کے موقع پر اپنے فرانسیسی ہم منصب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ میکرون نے اپنی مقبولیت میں کمی کی وجہ سے یورپی فوج کی تشکیل کا شوشہ چھوڑا ہے۔
اس سے پہلے فرانس کے صدر میکرون نے چھے نومبر کو اپنے ایک انٹرویو میں متحدہ یورپی فوج کی تشکیل کا خیال ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یورپ کو امریکہ پر بھروسہ کیے بغیر اپنی سلامتی کا خود دفاع کرنا چاہیے۔