Jan ۱۵, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۹ Asia/Tehran
  • امریکہ اور یورپ میں شدید سردی 33 افراد ہلاک

امریکہ اور یورپی ممالک میں شدید سردی کے باعث اب تک 33 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی ممالک میں گزشتہ 10 روز سے جاری شدید سردی کی لہر نے نظام زندگی مفلوج کر دیا ہے، خراب موسم کے باعث اسکول بند ہیں جب کہ دور دراز علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، کئی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 26 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے گرگیا ہے جس کے باعث لوگ گھروں میں محصورہیں۔

البانیہ میں 2 ہزار کے قریب فوجی اور ریسکیو اہلکار امدادی کاموں میں مصروف ہیں، آسٹریا میں بھی فوجی ہیلی کاپٹر نے 66 افراد کو پہاڑی علاقوں سے ریسکیو کیا۔ جرمنی، آسٹریا، یونان، ترکی، سوئٹرزلینڈ اور بلغاریہ سمیت  یورپ کے کئی ملکوں  میں شدید سردی کے باعث اب تک ہلاک افراد کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب امریکا کی کئی ریاستوں میں برفباری کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور 7 کے قریب افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ سینٹ لوئیس اور کولمبیا شہر میں ایک دن میں 26 سینٹی میٹر تک برف پڑچکی ہے جب کہ  کئی شہروں میں برف باری کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

برف باری کی وجہ سے سیکڑوں پروازیں تاخیر کا شکار ہیں اور کئی شہروں میں فلائٹ آپریشن مکمل طور پر معطل ہے،  برف باری کی وجہ سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہے جب کہ مختلف شہروں میں 700 کے قریب حادثات ہوئے ہیں۔

 

ٹیگس