Feb ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۴:۱۸ Asia/Tehran
  • جنوبی کوریا کو امریکی فوجی کمانڈر کا انتباہ

امریکی وزارت جنگ پینٹاگون نے جنوبی کوریا کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے اس ملک میں امریکی فوجیوں پر ہونے والے اخراجات میں اپنے حصے کی رقم نہ بڑھائی تو نتائج بھگتنے کے لئے تیار رہے

روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا میں امریکی فوجیوں کے کمانڈر رابرٹ آبرامز نے کہا کہ اگر سئول نے جزیرہ نمائے کوریا میں امریکی فوجیوں کی موجودگی پر آنے والے اخراجات میں اپنا حصہ نہ بڑھایا تو اس اتحاد میں شامل جنوبی کوریا کے ملازمین کی تنخواہیں بندکردی جائیں گی۔آبرامز نے مزید کہا کہ امریکی فوجی اڈوں پر سروسز کے شعبے میں کام کرنے والے جنوبی کوریا کے ملازمین کے ممکنہ اخراج سے جنوبی کوریا کے دیگر ملازمین پر غیرمعمولی مالی و نفسیاتی اثرات مرتب ہوں گے۔جنوبی کوریا اور امریکہ کے وزرائے دفاع پیر کو واشنگٹن میں اس سلسلے میں گفتگو کریں گے۔واشنگٹن ، جزیرہ نمائے کوریا میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کے اخراجات میں کوریا کا حصہ پانچ ارب ڈالر کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔یہ رقم اس رقم کی پانچ گنا ہے جو سئول نے امریکی فوجیوں کی موجودگی کی بابت دوہزارانیس میں ادا کی تھی ۔