Nov ۰۴, ۲۰۱۶ ۲۱:۱۲ Asia/Tehran
  • آیت اللہ عیسی قاسم کی حمایت میں بحرینی عوام کا مظاہرہ

ہزاروں بحرینیوں نے جمعے کو الدراز علاقے میں بحرین کے بزرگ مذہتی رہنما آیت اللہ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے جمع ہو کر ان کی حمایت میں مظاہرے کئے-

بحرینی عوام گذشتہ ایک سو اڑتیس دنوں سے مسلسل الدراز کے علاقے میں آیت اللہ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے دھرنا جاری رکھے ہوئے ہیں - بحرینی حکومت نے جون دوہزارسولہ میں آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت سلب کرلی تھی جس پربحرین اور دنیا بھے کے عوام نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا - بحرینی عوام خاص طور سے اس ملک کے علماء کہ جن کا بحرینی  مسلمانوں کے درمیان خاص مقام و احترام ہے، کے خلاف آل خلیفہ کے ظالمانہ فیصلوں پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے - اس تناظر میں بحرینی عوام نے بحرین کی انقلابی تحریک کے رہنما آیت اللہ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے ان کی حمایت میں مظاہرہ کرکے اس ملک کی نمائشی عدلیہ کے فیصلے کے خلاف کہ جو اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین سے کھلا تضاد رکھتا ہے ، مسلسل احتجاج کررہے ہیں- بحرینی عوام آیت اللہ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے مسلسل دھرنا دے کرآل خلیفہ کو انھیں جلاوطن کرنے کے مقصد میں ناکام بنانے اور اور اس ملک کی نمائشی عدالت کے ظالمانہ فیصلے پر عمل درآمد روکنے کی کوشش کررہے ہیں -

گذشتہ مہینوں کے درمیان بحرین میں آل خلیفہ کی ڈکٹیٹر حکومت نے اپنی ظالمانہ اور آمرانہ پالیسیوں میں شدت لاتے ہوئے اپنے مخالفین  پر تشدد ان کی سیاسی گرفتاریوں اور شہریت سلب کرنے کا دائرہ بڑھا دیا ہے جو تشویشناک شکل اختیار کرچکا ہے اور یہ مسئلہ بحرین میں گھٹن کے ماحول میں شدت آنے کا باعث بنا ہے- آل خلیفہ حکومت نے عوام کے برحق مطالبات کو سرکوب کرتے ہوئے بحرین کو بڑے پیمانے پر  انسانی حقوق کی پامالی کرنے والے ملک میں تبدیل کر دیا ہے جس کی بنا پر یہ حکومت عالمی سطح پر ایک خوفناک اور سرکوب کرنے والی حکومت کے طور پر پہچانی جانے لگی ہے- ان حالات میں بحرینیوں نے بھی وزارت داخلہ کی حکم عدولی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دارالحکومت منامہ سمیت ملک کے مختلف حصوں کو مظاہروں اور دھرنوں کا میدان بنا دیا ہے- بحرینی علماء نے بھی تاکید کی ہے کہ بحرینیوں نے عزم کررکھا ہے کہ وہ مذہبی پیشوا آیت اللہ عیسی قاسم کے خلاف جارحیت نہیں ہونے دیں گے- بحرینی عوام نے آیت اللہ عیسی قاسم کے خلاف اس طرح کے کسی اقدام کے نتائج کے سلسلے میں حکومت کو خبردار کیا ہے- بحرین کے معروف مذہبی پیشوا آیت اللہ عیسی قاسم پر آل خلیفہ کی ڈکٹیٹر حکومت کے دباؤ کی وجہ سے شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے باعث اس ملک کی سیکورٹی فورس نے الدراز کے علاقے میں جہاں آیت عیسی قاسم قیام پذیر ہیں ، سیکورٹی سخت کردی ہے - بحرین کے حالات سے پتہ چلتا ہے کہ ، آل خلیفہ کے پرتشدد اورغیرسنجیدہ اقدامات کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث حالات مزید کشیدہ اور بحرانی ہوگئے ہیں -

درحقیقت آل خلیفہ بحرین میں سرکوبی کا سلسلہ جاری رکھ کر اور گھٹن کا ماحول پیدا کرکے اس ملک میں عوام کی صدائے احتجاج کو دبانے کی کوشش کررہی ہے - اس تناظر میں ماہرین نے آل خلیفہ کے ظالمانہ اقدامات کے نتائج کے بارے میں خبردار کیا ہے- بہرحال گذشتہ دنوں میں آل خلیفہ حکومت کے خلاف بحرینی عوام کے احتجاجی مظاہروں نے ایک بار پھر اس ڈکٹیٹر حکومت کے کھوکھلے دعؤں کی قلعی کھول کررکھ دی ہے کہ جو اپنے جھوٹے دعؤوں سے یہ ظاہر کرنا چاہتی تھی کہ حکومت کی جانب سے سرکوبی کے بعد بحرینی عوام کے مظاہرے سست پڑ گئے ہیں اور تحریک انقلاب کے رہنماؤں کے ساتھ عوام کی وفاداری ختم ہو رہی ہے- بحرین کے مخالف گروہوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ آل خلیفہ کی ڈکٹیرحکومت کی ظالمانہ روش ناکام ہوچکی ہے ، ملک میں جمہوری حکومت کے قیام کے لئے عوامی مطالبات پورے ہونے تک پرامن جدوجد جاری رکھنے کے لئے پرعزم  ہیں- بحرینی عوام کی انقلابی تحریک سے ثابت ہوگیا کہ آل خلیفہ کے دعؤوں کے باوجود نہ صرف انقلابی تحریک ماند نہیں پڑی ہے بلکہ دوہزار سولہ سے اس میں اور فروغ آیا ہے -

بحرین ، فروری دوہزارگیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہروں کا میدان بنا ہوا ہے اور بحرینی عوام اپنے ملک میں سیاسی اصلاحات ، آزادی ، عدل و انصاف کے قیام ، امتیازی سلوک کے خاتمے اور منتخب حکومت کی تشکیل کے خواہاں ہیں-