ایران کی دفاعی صلاحیت، علاقے میں امریکی منصوبوں سے مقابلے کے لئے ہے
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ایئر و اسپیس ڈویژن کے کمانڈر نےکہا ہے کہ امریکہ کے مشرق وسطی کے علاقے میں اہم منصوبے تھے جن کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ناکام بنا دیا ہے۔
بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادے نے انکشاف کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران کا حالیہ برسوں میں خطے میں موجود امریکی فوج کے کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز میں نفوذ رہا ہے اور ہمیں امریکہ کے تمام کرتوتوں اور بہیمانہ اقدامات کا علم ہے ۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو علاقے میں امریکہ کی فوجی سرگرمیوں کے ثبوت و دستاویزات ہاتھ لگے ہیں کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے پاس ایسے ثبوت موجود ہیں جن سے واضح ہوجاتا ہے کہ امریکہ ، شام اور عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی حمایت کر رہا ہے اور اگر اسے اجازت ملی تو ہم ان دستاویزات کو شائع کریں گے کہ جس سے امریکہ دنیا بھر میں مزید ذلیل اور رسوا ہوجائے گا۔ جنرل حاجی زادہ نے کہا کہ ہمیں علم ہے کہ امریکہ کہاں دیکھ رہا ہے، کہاں بمباری کررہا ہے کہاں سے عبور کررہا ہے اور داعش کی کس طرح حمایت اور مدد کررہا ہے۔
امریکیوں کے اس دعوے کے جواب میں کہ ان کے پاس مدر آف آل بمبز ہے، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر نے کہا کہ ایران کے پاس فادر آف آل بمبز موجود ہے اور ایران کی دفاعی صنعتوں نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایئرو اسپیس فورس کی درخواست پر ایسے بم تیار کئے ہیں کہ جن کا وزن تقریبا دس ٹن ہے۔ جدید ٹکنالوجیوں سے استفادے کے ذریعے سپاہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کی فوجی صلاحیت کو مستحکم کرنا، ان عوامل میں سے ایک ہے جو ایران کی قومی سلامتی کو ضمانت فراہم کرتے ہیں- سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایئر اسپیس فورس کے کمانڈر کا اظہار خیال بھی ، ایرانی قوم کی قوت و اقتدار کے اس اہم عامل پر ایک بار پھر تاکید ہے- یہ عظیم کامیابی دشمنوں کے مقابلے میں فیصلہ کن کردار کی حامل ہے اور اگر کوئی ملک ایران پر حملے یا تجاوز کی فکر بھی کرے تو اسے پشیمانی کے سوا اور کچھ ہاتھ نہیں آئے گا-
برطانوی جریدہ " جینز ڈیفنس" اس بارے میں ایران کی میزائلی صلاحیت کا اعتراف کرتے ہوئے لکھتا ہے کہ ایران کا ایئر ڈیفنس سسٹم ، جدید ترین ریڈارسسٹم، این سکس تھرٹی 30N6 ریڈار سسٹم سے لیس ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اٹھارہ ستمبر دوہزار سولہ کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈروں سے خطاب کرتے ہوئے، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو انقلاب کا مستحکم مورچہ اور ملک کے اندر اور ملک کی سرحدوں سے باہر سلامتی کے دفاع کا اہم عنصر بتاتے ہوئے فرمایا تھا کہ سپاہ پاسداران کی جملہ ذمہ داریوں میں ملک کے اندر سیکورٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سرحدوں سے باہر بھی سیکورٹی کو یقینی بنانا ہے- آپ نے فرمایا کہ اگر ملکی سرحدوں سے باہرسیکورٹی نہیں ہوگی اور سرحدوں سے باہر ہی دشمنوں کو نہ روکا گیا تو ملک کے اندر بھی سلامتی اور سیکورٹی نہیں رہے گی-
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے، اسلامی انقلاب کی کامیابی کے آغاز کے وقت سے ہی تمام دفاعی اداروں کے ساتھ مل کر استکباری طاقتوں کے مذموم عزائم کو بارہا ناکام اور ان کو ذلت آمیز ناکامیوں سے دوچار کیا ہے- سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ایئر و اسپیس ڈویژن کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادے نے کہا ہے کہ میزائل طاقت اور ریڈار سسٹم کے شعبے میں ایران خطے میں پہلے جبکہ دنیا کے دس بڑے ملکوں سے ایک ہے۔
آج اسلامی جمہوریہ ایران، پابندیوں اور دباؤ کے باوجود زیادہ طاقتور ہوا ہے اور اسلامی جمہوری نظام کی جڑیں مزید مضبوط ہوئی ہیں - اس طاقت و صلاحیت کی علامات کا مشاہدہ دشمن کے خلاف جنگ کے میدانوں میں حاصل ہونے والی پرافتخار کامیابیوں ، اور ایران کی وسیع سرحدوں پر ، امن کی برقراری میں کیا جاسکتا ہے- تہران میں گذشتہ جون کے مہینے میں ہونے والی دہشت گردانہ کاروائی کے جواب میں ، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے شام کے شہر دیروالزور میں داعش کے ٹھکانوں پر میزائل برسا کر، اپنی صلاحیت کا زبردست مظاہرہ کیا ہے۔