ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں تشدد کے بعد انٹرنیٹ کی بندش سے کاروبار، بینکنگ اور صحت کا نظام درہم برہم
ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں تشدد پھوٹ پڑنے کے بعد، گذشتہ تین دنوں سے انٹرنیٹ سروس بند ہونے کے باعث کاروبار، بینکنگ اور صحت کی خدمات بری طرح متاثر ہوئی ہیں
سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ خبروں کے مطابق بریلی میں بڑے اور چھوٹے کاروبار ٹھپ پڑ گئے ہیں، اے ٹی ایم بند ہیں، اور مریضوں کو علاج میں مشکلات کا سامنا ہے، ادویات کی سپلائی رک گئی ہے-
مقامی کاروباریوں کا کہنا ہے کہ اس بندی سے کئی سو کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے-
شاپنگ مال اور بازاروں میں خریداروں کی تعداد میں بھاری کمی دیکھنے میں آئی ہے-
جمعے کو آئی لو محمد کی حمایت میں مظاہرے کی اجازت نہ ملنے کے بعد پولیس اور مقامی لوگوں کے درمیان جھڑپ ہوگئی تھی-
اس تشدد کے بعد پولیس نے ایک سو اسی نامزد اور ڈھائی ہزار نا معلوم افراد کے خلاف فسادات سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کئے-
جمعے کو مولانا توقیر رضا سمیت انتالیس لوگوں کو گرفتار کیا گیا- صورتحال کے پیش نظر محکمہ داخلہ نے ایس ایم ایس ، موبائل انٹرنیٹ اور براڈ بینڈ سروسیز بند کرنے کا حکم جاری کردیا - انٹرنیٹ بند ہونے سے بینکنگ خدمات پوری طرح سے ٹھپ ہوگئی ہیں-