Oct ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۳:۱۲ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کی بکواس سے ایرانی عوام پیچھے ہٹنے والے نہیں

حالیہ دنوں میں ایران کے خلاف وائٹ ہاؤس کے حکام کی لفاظیاں مزید بڑھ گئی ہیں اور ان کا دائرہ کافی بڑھ گیا ہے۔

بظاہر وائٹ ہاؤس کے حکام نے اپنی لن ترانیوں اور بے بنیاد بیانات پر کچھ زیادہ ہی زور دینا شروع کردیا ہے- امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے کھوکھلے بیانات سے بارہا ثابت کیا ہے کہ ان کے اندر سیاسی سوجھ بوجھ بالکل نہیں ہے- عالمی برادری اور ایران کی عظیم قوم کے بارے میں ان کے رویے اور موقف کی بھی یہی حالت ہے- تاہم ٹرمپ کو یہ پتہ ہی نہیں ہے کہ دوسرے لوگ امریکہ اور اس کے اختیار کئے ہوئے غلط راستے پر چلنے کے  لئے مجبور نہیں ہیں-

اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام کے بیانات کی  بنیاد بھی یہی ہے - ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے حالیہ چند دنوں میں بارہا اس موضوع کی جانب اشارہ کیا ہے- ایران کے وزیرخارجہ نے کہ جو ایران و جنوبی افریقہ کے مشترکہ اقتصادی تعاون کمیشن کے تیرہویں اجلاس میں شرکت کے لئے پریٹوریا کے دورے پر ہیں پیر کی رات اس ملک میں مقیم ایرانیوں سے خطاب کرتے ہوئے اسی نکتے کی جانب اشارہ کیا - ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران ایک ایسا ملک ہے جس کی سیکورٹی اپنے عوام کے علاوہ کسی کی بھی مرہون منت نہیں ہے انھوں نے کہا کہ ایران ایک ایسا ملک ہے کہ جس کی اقتصادی، سائنسی اور ٹیکنیکل پیشرفت صرف ایرانی دانشوروں کی مرہون منت ہے-

لیکن امریکہ یہ خیال کرتا ہے کہ ایران کی عظیم قوم کو تنہا اور الگ تھلگ کیا جا سکتا جبکہ ملت ایران کبھی بھی اپنے اطراف اور عالمی برادری کے ماحول سے بیگانہ اور لاتعلق نہیں رہی ہے اور ہمیشہ ہی مختلف میدانوں میں فعال اور موثررہی ہے- اسلامی جمہوریہ ایران پوری دنیا کے ساتھ اشتراک عمل کا خواہاں ہے تاہم یہ راستہ یکطرفہ نہیں ہے اور اشتراک عمل کا سلسلہ دونوں جانب سے برقرار ہونا چاہئے-

یہ وہ حقیقت ہے کہ جس پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ ہم خلیج فارس کے ممالک کی طرح نہیں ہیں کہ جو امریکہ کی معمولی سی ناراضگی پر گھبرا کر کیمپ ڈیوڈ پہنچ گئے- انھوں نے کہا کہ ہم ان ملکوں کی مانند بھی نہیں ہیں کہ جو رقص شمشیر میں مسٹرٹرمپ کی مسکراہٹ دیکھ کر ہی مست ہوجائیں اور یہ نہ سمجھ سکیں کہ انھیں کیا کرنا ہے- امریکی حکام اس وہم و گمان میں مبتلا ہیں کہ وہ منھ زوری اور گھٹیا الفاظ کے ذریعے جو چاہیں گے حاصل کرلیں گے اور جو چاہیں گے کرلیں گے- دراصل ٹرمپ اور ان کا حلقہ اس بات سے بظاہر بے خبر ہے کہ عالمی سطح پرحقیقت کچھ اور ہے اور وہ حقیقت یہ ہے کہ عالمی طاقتیں جان لیں کہ قوموں کولوٹنے کا دور ختم ہوچکا ہے اور ٹرمپ جیسے افراد کے گھٹیا بیانات، افتخار و سربلندی کے لئے ملت ایران کی استقامت و دفاع اور پیشرفت میں ذرہ برابر خلل نہیں ڈال سکتے- آج حتی امریکی معاشرہ بھی اپنی پیشرفت اور سائنسی ترقی کے ایک حصے کو ان خلاق ایرانیوں کے افکار کا مرہون منت سمجھتا ہے جن کے امریکہ میں داخل ہونے کے لئے ٹرمپ شرطیں رکھ رہے ہیں جبکہ ایران کو نہیں امریکی معاشرے کو ایران کی ضرورت ہے -

امریکہ کے کیٹوانسٹیٹیوٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ اس وقت ایران سمیت دنیا کی سیکڑوں قوموں کے مہاجرین امریکہ میں زندگی بسر کر رہے ہیں اور ان میں سے بعض ایسی ٹیکنالوجی ایجاد کررہے ہیں جن سے تمام لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں اور امریکہ کی ترقی میں مدد کررہے ہیں-

 

 

 

 

 

ٹیگس