بی جے پی اور آر ایس ایس لداخ کے عوامی تشخص کو نشانہ بنارہے ہیں : راہل گاندھی
ہندوستان میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس لداخ کے لوگوں ، ان کی ثقافت اور روایات پر حملہ کر رہے ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ لداخ کے شاندار لوگ، ان کی ثقافت ار روایات بی جے پی اور آر ایس ایس کے نشانے پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب لداخ کے لوگوں نے اپنی آواز اٹھائی تو بی جے پی نے چار نوجوانوں کی جان لے کر اور سونم وانگ چک کو جیل میں ڈال کر جواب دیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ قتل، تشدد اور دھمکیاں بند کی جائیں اور لداخ کو اس کی آواز اور چھٹا شیڈول دیا جائے۔
لیہ میں تشدد کے بعد سے اتوار کو مسلسل پانچویں روز کرفیو نافذ رہا۔
حکام کے مطابق، لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا کرفیو میں نرمی کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے سیکورٹی جائزہ اجلاس منعقد کریں گے -