Nov ۰۶, ۲۰۱۷ ۱۳:۰۲ Asia/Tehran
  • ایران کے خلاف امریکہ کے بے بنیاد الزامات

امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایران دشمن پالیسیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے یمن سے ریاض پر میزائل فائر کئے جانے کی ذمہ داری ایران پر عا ئد کی ہے۔

سعودی عرب نے سنیچر کو ریاض پر ایک بیلیسٹک میزائل فائر کئے جانے کی خبردی اور اعلان کیا کہ یہ میزائل یمن سے فائر کیا گیا ہے- ایران کے وزیردفاع امیرحاتمی نے امریکہ کے بے بنیاد الزام کے جواب میں کہا ہے کہ دشمن ، ایران پر الزام عائد کرنے کے لئے ہر موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہا ہے اور ہم اس الزام کو پوری طرح مسترد کرتے ہیں-

جنگ یمن سعودی عرب کے لئے ایک تھکا دینے والی جنگ میں تبدیل ہوگئی ہے اور ایک ایسی جنگ بن چکی ہے جس میں ہر روز یمن اور اس ملک کے عام شہریوں کو کافی مالی اور جانی نقصان ہورہا ہے - یمن پر سعودی عرب کے حملے پچیس مارچ دوہزارپندرہ سے شروع ہوئے ہیں - یمن کے خلاف سعودی عرب کی بحری ، فضائی اور بری فوجی کارروائیوں پر جو انتہائی وحشیانہ انداز سے جاری ہیں ، ایک نگاہ ڈالنے سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی عرب کے سیاسی و فوجی اسٹریٹجسٹوں کا خیال تھا کہ وہ بہت کم وقت میں یمن کی جنگ جیت لیں گے اور اپنے مقاصد حاصل کرلیں گے تاہم ایسا نہیں ہوا-

امریکی صدر ٹرمپ نے ایسے عالم میں ایران پر یمن میں مداخلت کا الزام لگایا ہے کہ شام اور یمن میں ریاض اور واشنگٹن کی پالیسیاں ناکام ہوچکی ہیں اور وہ اپنی اس شکست پر پردہ ڈالنے کے لئے تھوڑے تھوڑے وقفے سے ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات لگاتے رہتے ہیں - چین میں ایران کے سابق سفارتکار سید حسین موسویان نے یمن کے خلاف سعودی عرب کی جارحیت اور جنگی جرائم میں امریکہ کو شریک جرم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ جنگ سے امن قائم نہیں ہوسکتا اور یمن پر ریاض کے حملوں کا نتیجہ مستقبل میں سعودی عرب میں بدامنی کی صورت میں نکلے گا-

امریکیوں نے دوسری جنگ عظیم کے بعد ایسی پالیسیاں اختیار کیں کہ جو منظرعام پر آنے والی رپورٹوں اور دستاویزات کے مطابق ، دسیوں لاکھ افراد کی ہلاکت پر منتج ہوئیں - 

ویتنام ، افغانستان، انڈونیشیا، پاکستان، سوڈان، عراق، اور دیگرممالک میں امریکہ کی براہ راست اور بالواسطہ جنگوں میں لاکھوں افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا، اور ایران بھی اسی طرح کی جنگوں کی بھینٹ چڑھا ہے-  مشرق وسطی کے امور کے ماہر اور امریکہ کی ایریزونا یونیورسٹی کے پروفیسر چارلز چمیٹز ، مہر نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہو‏ئے جنگ یمن میں امریکہ کے کردار کے سلسلے میں کہتے ہیں کہ جنگ یمن میں امریکہ بہت بڑا کردار ادا کررہا ہے - امریکہ ، القاعدہ کے خلاف جنگ کے کمپین کے ذریعے براہ راست اور جنگ یمن میں سعودی عرب کی حمایت کے ذریعے بالواسطہ طور پر یمن میں مداخلت کر رہا ہے- امریکہ نہ صرف یہ کہ انسانوں کے براہ راست قتل عام کا ذمہ دار ہے بلکہ  فلسطین و یمن میں بچوں کی قاتل سعودی و صیہونی حکومتوں کے جرائم کی حمایت کرتا ہے- ٹرمپ نے اپنے بیانات میں ایران پر جو بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں درحقیقت وہ سعودی عرب میں امریکہ کے چند سالہ کارناموں کی ایک جھلک ہیں - لیکن امریکی حکام اپنی کالی کرتوتوں کا جواب دینے کے بجائے علاقے کی موجودہ صورت حال کا الزام ایران پر لگانا چاہتے ہیں اور اس بے بنیاد دعوے سے سعودی حکام کو ایرانوفوبیا کی پالیسی جاری رکھنے کی ترغیب دلا رہے ہیں -

ٹیگس