چینی مال گاڑی تہران پہنچ گئی
https://urdu.sahartv.ir/news/echonomic_news-i211669-چینی_مال_گاڑی_تہران_پہنچ_گئی
شاہراہ ریشم کے راستے چین سے ایران کے لئے روانہ ہونے والی پہلی مال گاڑی تہران پہنچ گئی۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Feb ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۱:۰۴ Asia/Tehran
  • چینی مال گاڑی تہران پہنچ گئی

شاہراہ ریشم کے راستے چین سے ایران کے لئے روانہ ہونے والی پہلی مال گاڑی تہران پہنچ گئی۔

تہران ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر چین کی اس مال گاڑی کا شاندار استقبال کیا گیا۔ استقبال کی تقریب میں ایران ریلوے کے مینجنگ ڈائریکٹر محسن پور سید آقائی کے علاوہ چین، قزاقستان اور ترکمنستان کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔ ایران ریلوے کے مینیجنگ ڈائریکٹر محسن پور سید آقائی نے اس موقع پر کہا کہ چین کی اس مال گاڑی کے ایران پہنچنے سے شاہراہ ریشم کا احیا ہوگیا۔

انھوں نے کہا کہ چودہ دن میں شاہراہ ریشم کو طے کرنا اپنی جگہ پر بے مثال کارنامہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کی اس مال گاڑی نے یہ طویل مسافت معمول سے تیس دن پہلے ہی طے کرلی۔

یاد رہے کہ چین سے ایران کے لئے روانہ ہونے والی یہ مال گاڑی قزاقستان اور ترکمنستان سے ہوتے ہوئے شاہراہ ریشم کی دس ہزار تین سو ننانوے کلو میٹر کی مسافت صرف چودہ دن میں طے کر کے تہران پہنچ گئی ہے۔ ایران ریلو کے مینیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ شاہراہ ریشم کے احیا کے بعد ریل گاڑی کے ذریعے سامان لانے اور لے جانے کا یہ سلسلہ ایران اور چین تک محدود نہیں رہے گا بلکہ یہ ریلوے لائن یورپ تک جائے گی اور ایران تجارتی ٹرانزٹ کا اہم ترین مرکز ہوگا۔