ایم سی بی ایران میں برانچ کھولنے کا خواہاں
پاکستان کے ادارہ فروغ تجارت کے سربراہ نے کہا ہے کہ مسلم کمرشل بینک ایم سی بی ایران میں اپنی برانچ کھولنا چآہتا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق سید محمد منیر نے بدھ کے روز تہران میں اسلامی جہموریہ ایران کے مرکزی بینک کے نائب سربراہ اکبر کمیجانی سے ملاقات میں کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان بینکنگ کے شعبے میں تعلقات تسلی بخش سطح پر نہیں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ اس کے بینکوں کی ایران میں شاخیں کھلنے سے وہ ایران میں بھرپور اقتصادی تعاون کر سکے گا۔
انھوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان لین دین کی شرح کو بڑھانے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان بینکاری تعلقات میں فروغ آنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران تعاون کو فروغ دینے کی بھرپور توانائی رکھتا ہے اور اسلام آباد کو امید ہے کہ بینک اکاؤنٹ کھلنے سے ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے مرکزی بینک کے نائب سربراہ اکبر کمیجانی نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ ایران کے ایٹمی معاہدے کے بعد دوسرے ملکوں کے ساتھ تہران کے تجارتی تعلقات فروغ پا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان ماہرین کی کمیٹیوں کے قیام سے دونوں ملکوں کے تجارتی اور بینکاری تعلقات میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور ان میں آسانیاں پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔