قطر نے اوپیک سے نکلے کا اعلان کردیا
Dec ۰۳, ۲۰۱۸ ۱۸:۴۴ Asia/Tehran
حکومت قطر نے تیل برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپیک سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے۔
تیل برآمد کرنے والےپندرہ ممالک کی تنظیم اوپیک کو چھوڑنے کے فیصلے کی تصدیق قطر کی سرکاری آئل کمپنی قطر پیٹرولیم کی جانب سے کی گئی -قطر کے وزیر برائے توانائی سعد شریدہ الکعبی نے کہا ہے کہ قطر جنوری دوہزار انیس میں تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک سے علیحدگی اختیار کر لے گا۔انہوں نے کہا یہ فیصلہ ملک کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھ کر کیا گیا ہے کیونکہ اوپیک میں ہمارا کردار بہت کم ہے اور ہم قدرتی گیس کی پیداوار پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں جو ہماری اصل قوت ہے۔سعد الکعبی کا کہنا تھا کہ اوپیک سے دستبردار ہونے کے فیصلے کی وجہ یہ ہے کہ قطر آئندہ برسوں میں قدرتی گیس کی پیداوار کو ستتر ملین ٹن سالانہ سے بڑھا کر ایک سودس ملین ٹن تک لے جانے کا ارادہ رکھتا ہے۔