Mar ۰۸, ۲۰۲۶ ۱۵:۵۱ Asia/Tehran
  • پاکستان: رہبر انقلاب اسلامی کو خراج عقیدت

پاکستان کی سیاسی اور مذہبی شخصیات نے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی شہید سید علی خامنہ ای رح کے عظیم شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ایران کے خلاف امریکہ اور صہیونی حکومت کی کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم اور اس کی قیادت اپنی آزادی اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایران کے خلاف امریکہ اور صیہونی حکومت کی کارروائیوں کے آٹھویں روز پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا گروپ سچ ٹی وی کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ سید افتخار حسین نقوی، مختلف مذہبی و سیاسی رہنماؤں، میڈیا نمائندوں اور دینی شخصیات نے شرکت کی۔

شرکاء نے آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کی شہادت پر ایرانی عوام اور حکومت سے اظہارِ تعزیت کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی اور آزاد کشمیر حکومت کے وزیر میاں عبدالوحید خان سمیت دیگر مقررین نے ایرانی عوام کے استقامت کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ شہید رہبر نے بیرونی جارحیت کے مقابلے میں ایرانی قوم کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
علامہ افتخار حسین نقوی نے کہا کہ خطے کی قومیں آج ایران کے ساتھ کھڑی ہیں اور علاقائی ممالک کو یہ سمجھنا چاہیے کہ امریکہ کبھی بھی ان کا حقیقی خیرخواہ نہیں رہا۔ علامہ ساجد علی نقوی نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی فکر اور راستہ ان کے لاکھوں پیروکاروں کے ذریعے جاری رہے گا اور حق و باطل کی اس جدوجہد میں بالآخر مظلوم اقوام اور ایران کو کامیابی حاصل ہوگی۔
اسلام آباد میں ایرانی سفیر نے پاکستانی عوام کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف دشمنی دراصل اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے جاری ہے۔ ان کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کی مخالفت کی اصل وجہ دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی ایران کی حمایت اور اسلامی جمہوریہ ایران کی کامیابیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم اور اس کی مسلح افواج اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے آخری دم تک ثابت قدم رہیں گی۔

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

 

ٹیگس