Feb ۰۹, ۲۰۲۰ ۱۴:۵۶ Asia/Tehran
  • ایران میں غیرملکی سرمایہ کاری کی درخواستوں میں پچاس فیصد اضافہ

ایران کے وزیراقتصاد و خزانہ نے کہا ہے کہ دشمن کی پابندیوں اور دھمکیوں کے باوجود گذشتہ دس مہینے میں غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے ایران میں سرمایہ کاری کرنے کی درخواستوں میں پچھلے سال اسی مدت کے مقابلے میں پچاس فیصد زیادہ رہی ہیں

ایران کے وزیراقتصاد و خزانہ فرہاد دژ پسند نے تہران میں اقتصادی ماہرین کے اجلاس کے موقع پر کہا کہ گذشتہ دس مہینے کے دوران مختلف شعبوں خاص طور پر تیل کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے چار ارب پانچ سو ملین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں -

ایرانی وزیرخزانہ نے کہا کہ پابندیوں کے اس دور میں ایران میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی خواہش میں پچاس فیصد اضافہ اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ ایرانی معیشت میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بہت زیادہ ہے اور پابندیوں کا ان پر کوئی اثر نہیں ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے مئی دوہزار اٹھارہ میں غیر قانونی طریقے سے ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکلنے کا اعلان کرتے ہوئے ایران کے خلاف امریکی پابندیاں دوبارہ عائد کردی تھیں -

ایرانی وزیرخزانہ نے کچھ عرصے قبل بھی کہا تھا کہ گذشتہ ڈیڑھ برسوں میں ایران کی نان پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات کا حجم ایکسٹھ ارب ڈالر سے زیادہ رہا ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ ایران کے خلاف امریکا کی شدیدترین پابندیوں کے باوجود ایران کی نان پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات متاثر نہیں ہوسکی ہیں -

ٹیگس