Aug ۲۷, ۲۰۱۵ ۱۷:۳۹ Asia/Tehran
  • file photoچابہار بندرگاہ: ہندوستان کی آٹھ کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری
    file photoچابہار بندرگاہ: ہندوستان کی آٹھ کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری

ہندوستان کے ٹرانسپورٹ اور جہازرانی کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ایران کی چابہار بندرگاہ کی توسیع میں ہندوستان کی آٹھ کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے کے آغاز کی خبر دی ہے-

ہندوستان کے انگریزی اخبار "ہندو" کی رپورٹ کے مطابق نتن گڈکری نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ چابہار بندرگاہ میں تجارتی اشیا اور کنٹینروں کے لئے ایک کثیر المقاصد مخصوص ٹرمینل بنایا جائے گا- انہوں نے کہا کہ چابہار بندرگاہ کی توسیع ایران اور ہندوستان کے درمیان ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی کے سلسلے میں بہت مؤثر رہے گی-

نتن گڈگری نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کے مطابق خام تیل اور یوریا کھاد کی منتقلی کے لئے چابہار بندرگاہ کا استعمال کیا جائے گا-

ہندوستان کی حکومت نے گزشتہ سال چابہار بندرگاہ کی توسیع کے لئے آٹھ کروڑ پچاس لاکھ ڈالر مختص کئے تھے- چابہار بندرگاہ میں ہندوستانی سرمایہ کاری کے معاہدے پر ہندوستان کے ٹرانسپورٹ اور جہاز رانی کے مرکزی وزیر نتن گڈکری کے مئی میں ہونے والے دورہ ایران کے دوران دستخط ہوئے تھے-

چابہار بندرگاہ ہندوستان کے لئے اسٹریٹیجک اہمیت کی حامل ہے اور ہندوستان اس بندرگاہ کے ذریعہ اور شمال جنوب کوریڈور کے راستے اپنا سامان افغانستان، وسطی ایشیا، عراق، روس، حتی یورپ تک بھی منتقل کر سکتا ہے-

ٹیگس