عراق میں اربعین ، امام حسین کے چاہنے والوں کی دیوانگی ، عقیدت کے بے مثال نمونے
اربعین حسینی کے موقع پر عراق میں جاری بین الاقوامی اربعین میلین مارچ اب اپنے عروج کو پہچ گیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: لاکھوں ملکی اور غیر ملکی زائرین مختلف راستوں سے کربلا کی جانب رواں دواں ہیں تاہم نجف کربلا شاہراہ زوار حسینی سے لبریز ہے جہاں اس وقت خدمت، عقیدت، خلوص، ایثار، فداکاری اور انسانیت کی لاثانی مثالوں کی تخلیق کا ایک لامنتاہی سلسلہ ہے جو امام حریت سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کی محبت اور آپ سے اعلان وفاداری کے مقصد سے انجام پا رہا ہے۔
اس سال انا علی العھد یعنی ہم اپنے عہد پر استوار ہیں کے سلوگن کے ساتھ اربعین میلین مارچ انجام پا رہا ہے جس میں حسینی زائرین فلسطین اور خاص طور پر غزہ کی مظلومیت کو یاد کر رہے ہیں اور بڑی تعداد میں زائرین اپنے قومی پرچم کے ہمراہ فلسطین کا پرچم بھی اٹھائے ہوئے ہیں۔
اسی طرح زوارِ حسینی گزشتہ برسوں خاص طور پر پچھلے سال کے دوران شہید ہونے والے محاذ استقامت کے رہنماؤں اور کمانڈروں کو بھی خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
زائرین کی ایک بڑی تعداد ہے جو شہدا کی نیابت میں اربعین مارچ میں شریک ہے۔ عراق کی حکومت نے زائرین کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے خاص انتظامات کئے ہیں، فوج اور پولیس فورس کے ساتھ ساتھ رضاکار فورس الحشد الشعبی کی بھی مدد لی گئی ہے۔
اس سال ایران سے تین میلین دو لاکھ سے زائد زائرین عراق پہنچے ہیں جن میں ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد غیر ملکی زائرین بھی شامل ہیں۔