ہندوستان میں اعلی سعودی سفارتکار، جنسی اسکینڈل کے بعد برطرف
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i198242-ہندوستان_میں_اعلی_سعودی_سفارتکار_جنسی_اسکینڈل_کے_بعد_برطرف
سعودی عرب نے ہندوستان میں تعینات اپنے اعلی سفارت کار کو گھر میں کام کرنے والی دو نیپالی ملازماؤں پر تشدد اور متعدد بار ریپ کے الزامات کے بعد برطرف کردیا ہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۱۷, ۲۰۱۵ ۱۰:۲۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں اعلی سعودی سفارتکار، جنسی اسکینڈل کے بعد برطرف

سعودی عرب نے ہندوستان میں تعینات اپنے اعلی سفارت کار کو گھر میں کام کرنے والی دو نیپالی ملازماؤں پر تشدد اور متعدد بار ریپ کے الزامات کے بعد برطرف کردیا ہے-

موصولہ خبروں کے مطابق ہندوستان کی وزارت خارجہ نے بدھ کی رات کو نئی دہلی میں، سعودی سفارت خانے کے فرسٹ سیکریٹری ماجد حسن عاشور کے ہندوستان چھوڑ کر چلے جانے سے متعلق ایک بیان جاری کیا ہے -

بیان میں کہا گیا ہے کہ ماجد حسن کو ویانا کنونشن کے تحت تحفظ فراہم کیا گیا، جس کی رُو سے کسی بھی سفیر کو کسی بھی ملک میں تعیناتی کے دوران گرفتار، جرمانے اور سول قانونی مقدموں سے استثنیٰ حاصل ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے مذکورہ سعودی سفارت کار کے گھر سےتیس سال اور پچاس سال کی عمر کی دو نیپالی خواتین کو ریسکیو کیا گیا تھا، جنھوں نے پولیس کو بتایا کہ اُن کو یرغمال بنا کر ریپ اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس دوران انھیں بھوکا بھی رکھا گیا۔

نئی دہلی میں سعودی سفارت خانے سے جب اس سلسلے میں اس کا موقف جاننے کی کوشش کی گئی تو پہلے اس نے کوئی اظہار خیال نہیں کیا لیکن بعد میں اس سفارتخانے ایک بیان میں اپنے سفارتکار کے خلاف عائد الزمات کو بے بنیاد قرار دے دیا-

واضح رہے کہ یہ اقدام ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی کے لیے ایک چیلنج تصور کیا جارہا ہے، جو رواں برس کے آخر میں سعودی عرب کا غیر معمولی دورہ کرنے والے ہیں۔ حکومت ہندوستان کے اس اقدام پر سماجی تنظمیوں اور خواتین کے حقوق کے لئے کام کرنے والی انجمنوں کی طرف سے کڑی نکتہ چینی کی جارہی ہے۔