Jan ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۵:۳۸ Asia/Tehran
  • دہشت گردی کے خلاف ہندوستان اور فرانس کے متحد ہونے کی ضرورت

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان اور فرانس کے متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندرمودی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے، کہ ہندوستان اور فرانس دونوں ہی دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں، کہا کہ دونوں ممالک دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں۔ نریندر مودی نے، جو چندی گڑھ شہر میں ہندوستان اور فرانس کے مشترکہ تجارتی اجلاس میں فرانسیسی صدر فرانسوا اولینڈ کے ساتھ شریک تھے، کہا کہ نئی دہلی اور پیرس کو دہشت گردانہ حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور فرانس اقتصادی میدان میں بھی اپنا تعاون وسیع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان اور فرانس کے باہمی تعاون کے لئے دونوں ملکوں میں پائی جانے والی توانائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں تربیت یافتہ سستی افرادی قوت اور فرانس کی توانائی دونوں ملکوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنا سکتی ہے۔

فرانس کے صدر اولینڈ نے بھی اس اجلاس میں کہا کہ ہم ہندوستان کے ساتھ تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیرس، نئی دہلی کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات برقرار کرنا چاہتا ہے۔

فرانس کے صدر اولینڈ ہندوستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر اتوار کو ہندو ستان پہنچے وہ منگل کو ہندوستان کے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے مہمان خصوصی بھی ہوں گے۔

ٹیگس