ہندوستان، پٹھان کوٹ ایئربیس کے معائنے کی پاکستان کو اجازت نہیں دے گا
-
ہندوستان کے وزیر دفاع، منوہر پاریکر
ہندوستان کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کو ریاست پنجاب میں پٹھان کوٹ ایئربیس کے معائنے کی اجازت نہیں دی جائے گی-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق منوہر پاریکر نے بدھ کے روز، ہندوستانی فوجیوں کے ایک اجتماع میں کہا کہ کسی کو بھی ہندوستان کی وزارت دفاع کی اجازت کے بغیر پٹھان کوٹ ایئر بیس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے اور ہندوستانی ماہرین نے اس ایئربیس پر گذشتہ مہینے ہونے والے حملے سے متعلق ضروری تحقیقات انجام دے دی ہیں-
ہندوستان کی وزارت دفاع کے بعض ریٹائرڈ افسران نے بھی پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے پٹھان کوٹ ایئربیس کے معائنے کی مخالفت کی ہے- ہندوستان کی فضائیہ کے سابق کمانڈر سوشیل کمار نے بھی پاکستان کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو اس ایئربیس کے معائنے کی اجازت دیے جانے کو ایک بڑی غلطی قرار دیا ہے- پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے حال ہی میں کہا ہے کہ ممکن ہے کہ پاکستان کی خصوصی ٹیم کو اپنی تحقیقات کے دوران پٹھان کوٹ ایئربیس کے معائنے کی ضرورت پیش آجائے۔
واضح رہے کہ جنوری میں پاکستانی سرحد سے پچاس کلومیٹر کے فاصلے پر ہندوستان کے سرحدی شہر پٹھان کوٹ میں ایر بیس پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا تھا جس کے خلاف ہندوستانی فوج کا آپریشن چار روز تک جاری رہا۔ ہندوستان نے اس حملے کے بارے میں معلومات پاکستان کو پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ حملہ آور، پاکستان کے صوبہ پنجاب سے آئے تھے اور ان کا تعلق کالعدم تنظیم جیش محمد سے تھا۔
اس دہشت گردانہ حملے میں سات ہندوستانی فوجی اور سبھی چھے حملہ آور دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔