روسی چھاتہ بردار فوجی ہندوستان پہنچ گئے
روس کے چھاتہ بردار فوجیوں کا ایک دستہ مغربی ہندوستان کے شہر پونہ پہنچ گیا۔
روسی وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان کے مطابق روس کے چھاتہ بردار فوجی، ریاست مہاراشٹر کے شہر پونہ میں ہونے والی مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لینے کی غرض سے ہندوستان پہنچے ہیں۔ ان فوجی مشقوں میں روسی فوج کے اہلکار، خطرناک علاقوں میں گشت کرنے، جھڑپوں والے علاقوں میں عام شہریوں کی حفاظت، خصوصی چیک پوسٹوں پر حفاظتی نظام کی تقویت اور موٹرسائیکل سوار فوجیوں کی حفاظت اور ان کے ساتھ پیشقدمی کا مشن انجام دیں گے۔
روسی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق یہ فوجی مشقیں یکم مارچ سے شروع ہوں گی اور آٹھ مارچ تک جاری رہیں گی۔ نومبر دو ہزار پندرہ میں بھی روس اور ہندوستان نے انسداد دہشت گردی سے متعلق مشقیں انجام دی تھیں۔ دسمبر دو ہزار پندرہ میں دونوں ملکوں کی بحریہ نے خلیج بنگال میں جنگی جہازوں کی حفاظت کی غرض سے ہونے والے مشترکہ وار گیم میں حصہ لیا تھا۔