ہندوستان کے وزیر اعظم کا دورہ بیلجیئم
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کو اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق بیلجیئم کا دورہ کر رہے ہیں جس کے لئے انھیں خاص سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
برسلز حملوں کے بعد ابتدائی طور پر نریندر مودی کا دورہ منسوخ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا لیکن اب وہ اپنے پروگرام کے مطابق یورپی یونین کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی برسلز میں اپنے ملک کے شہریوں سے ملاقات اور تقریب سے خطاب کے علاوہ دیگر کئی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے، جس کے لئے سخت سیکیورٹی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ نریندر مودی کے اس دورے کے دوران بیلجیئم پولیس کے علاوہ فوج کے دستے بھی تعینات کئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردی، تجارت، معیشت اور توانائی ہندوستان کے وزیر اعظم کے اس دورے کے ایجنڈے میں شامل موضوعات ہیں۔
نریندر مودی اکتیس مارچ کو واشنگٹن میں نیوکلیئر سیکیورٹی اجلاس میں شرکت کے بعد واپسی پر سعودی عرب کا بھی دورہ کریں گے۔