نئی دہلی میں ہندوستان اور پاکستان کے خارجہ سیکریٹریوں کی ملاقات
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i223210-نئی_دہلی_میں_ہندوستان_اور_پاکستان_کے_خارجہ_سیکریٹریوں_کی_ملاقات
نئی دہلی میں ہندوستان اور پاکستان کے خارجہ سیکریٹریوں نے ملاقات کی۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Apr ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۲:۴۰ Asia/Tehran
  • نئی دہلی میں ہندوستان اور پاکستان کے خارجہ سیکریٹریوں کی ملاقات

نئی دہلی میں ہندوستان اور پاکستان کے خارجہ سیکریٹریوں نے ملاقات کی۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان کے سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لئے منگل کو نئی دہلی پہنچے جہاں انھوں نے ہندوستان کے سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر سے ہندوستانی دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ہندوستان میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط بھی شریک تھے۔

بیس منٹ تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں کشمیر سمیت دونوں ملکوں کے درمیان تمام حل طلب امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان کے سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشمیر بنیادی مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کئے جانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات وزیراعظم نواز شریف کا عزم ہے۔

دوسری جانب ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہندوستان کے سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر نے اس ملاقات میں پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملے کی تحقیقات اور ممبئی دہشت گردانہ حملوں سے متعلق مقدمات کو جلد اور شفاف طریقے سے آگے بڑھانے پر زور دیا۔

ہندوستانی وزارت خارجہ کے مطابق ایس جے شنکر نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے کہا کہ دو طرفہ تعلقات پر دہشت گردی کے اثرات کے معاملے سے پاکستان انکار نہیں کر سکتا- خیال ہے کہ منگل کو ہونے والے مذاکرات میں تعطل کا شکار جامع مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں بھی دونوں ملکوں کے سیکریٹری خارجہ نے بات چیت کی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جامع مذاکرات کا سلسلہ ایک عرصے سے رکا ہوا ہے جس کی بحالی کے لئے کوششیں جاری ہیں۔