پٹھان کوٹ حملے کے تعلق سے مرکزی حکومت پر شدید تنقید
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i224368-پٹھان_کوٹ_حملے_کے_تعلق_سے_مرکزی_حکومت_پر_شدید_تنقید
پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملے کے سلسلے میں ہندوستانی پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹی نے مرکزی حکومت کوسخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۰۳, ۲۰۱۶ ۱۴:۰۵ Asia/Tehran
  • پٹھان کوٹ حملے کے تعلق سے مرکزی حکومت پر شدید تنقید

پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملے کے سلسلے میں ہندوستانی پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹی نے مرکزی حکومت کوسخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے-

ہندوستانی پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹی نے پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملے سے متعلق اپنی رپورٹ میں کہا ہے دہشت گردانہ حملوں سے نمٹنے میں ملک کے سیکورٹی نظام میں نقائص پائے جاتے ہیں- پارلیمنٹ کی مذکورہ کمیٹی نے حکومت سے سوال کیا ہے کہ جب دہشت گردانہ حملے کی بروقت اطلاع مل گئی تھی تو اس کے بعد بھی دہشت گرد عناصر کس طرح پٹھان کوٹ ایئر بیس میں داخل ہونے اور اس پر حملہ کرنے میں کامیاب ہوگئے-

ہندوستانی وزارت داخلہ سے وابستہ قائمہ کمیٹی نے اس حملے کی تحقیقات میں پاکستان سے مدد مانگنے اور پاکستان کی مشترکہ تفتیشی ٹیم کو ہندوستان آنے کی اجازت دینے پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے اس فیصلے کی وجہ جاننا چاہی ہے- مذکورہ کمیٹی نے پٹھان کوٹ ایئربیس کی سیکورٹی کے نظام کو کمزور بتاتے ہوئے اس پر تشویش بھی ظاہر کی ہے- مذکورہ کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ پٹھان کوٹ کے ایس پی سلوندرسنگھ سے مزید تفتیش کی جانی چاہئے تھی کیونکہ ان کی سرگرمیاں مشکوک تھیں-

ہندوستانی پارلیمنٹ کی مذکورہ کمیٹی نے صاف کہا ہےکہ ملک کی کوئی کاؤنٹر ٹیرر پالیسی نہیں ہے کیونکہ بروقت اطلاع ملنے کے بعد بھی پٹھان کوٹ حملے کو نہیں روکا جاسکا ہے -

ماہرین کا کہنا ہے کہ مذکورہ رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد حزب اختلاف کی جماعتیں مودی حکومت کو گھیرنے کی کوشش کریں گی-