ریاست مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے آخری مرحلے کی ووٹنگ
ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال میں آج اسمبلی انتخابات کے آخری مرحلے کی پولنگ ہورہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہندوستان کی مشرقی ریاست مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے چھٹے اور آخری مرحلے کی پولنگ جمعرات کو صبح سات بجے سے شروع ہوگئی۔ چھٹے اور آخری مرحلے میں کوچ بہار اور مشرقی مدناپور اضلاع کے پچیس حلقوں میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ پولنگ شام چھے بجے تک جاری رہے گی۔
مغربی بنگال ریاستی اسمبلی کے آخری مرحلے کے انتخابات کے لئے اٹھارہ خواتین سمیت ایک سو ستر امیدوار میدان میں ہیں۔ ان انتخابات کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کے تحت مرکزی فورسز کی تین سو اکسٹھ کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں جنہیں ریاستی پولیس کے بارہ ہزار اہلکاروں کی مدد حاصل ہے۔
مغربی بنگال سے سرکاری اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ پولنگ پرامن طریقے سے جاری ہے اور کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا ہے۔ شروع کے چار گھنٹے میں چون فی صد پولنگ ہونے کی اطلاعات ہیں۔