ہریش راوت اتراکھنڈ میں پھر-وزیراعلی ہوں گے
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i225664-ہریش_راوت_اتراکھنڈ_میں_پھر_وزیراعلی_ہوں_گے
ہندوستان کی سپریم کورٹ نے ریاست اتراکھنڈ کی اسمبلی میں ہونے والے فلورٹیسٹ کے بعد صدر راج ختم کرنے کی سفارش کی منظوری دے دی ہے یوں ہریش راوت دوبارہ ریاست کے وزیراعلی ہوں گے
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۱۱, ۲۰۱۶ ۱۱:۵۷ Asia/Tehran
  • ہریش راوت اتراکھنڈ میں پھر-وزیراعلی ہوں گے

ہندوستان کی سپریم کورٹ نے ریاست اتراکھنڈ کی اسمبلی میں ہونے والے فلورٹیسٹ کے بعد صدر راج ختم کرنے کی سفارش کی منظوری دے دی ہے یوں ہریش راوت دوبارہ ریاست کے وزیراعلی ہوں گے

سپریم کورٹ کے بینچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اتراکھنڈ اسمبلی میں طاقت آزمائی یا فلورٹیسٹ کے بعد مرکزی حکومت نے صدر پرنب مکھرجی سے اترا کھنڈ میں صدر راج ختم کرنے کی سفارش کی تھی جس کی منظوری دی جاتی ہے - سپریم کورٹ کے بینچ نے کہا کہ منگل کو فلورٹیسٹ میں ہریش راوت کو ایکسٹھ میں سے تینتیس ووٹ ملے اور اس پورے عمل میں کوئی بدنظمی نہیں پائی گئی - کانگریس کے نو باغی ارکان نااہل ہونے کے بعد ووٹنگ میں حصہ نہیں لے سکے تھے -

سپریم کورٹ کے حکم پر ہریش راوت کو دوبارہ وزیراعلی بنائے جانے کی خبر دہرہ دون میں پھیلتے ہی جشن کا سلسلہ شروع ہو گیا - سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد کانگریس پارٹی کے ہریش راوت چھے ہفتے بعد ایک بار پھر وزیراعلی کا عہدہ سنبھالیں گے - کانگریس پارٹی کے نائب صدر راہل گاندھی نے عدالت کے فیصلے کو جمہوریت کی فتح قرار دیا- انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ وزیراعظم نریندرمودی عدالت کے اس فیصلے سے سبق لیں گے-

واضح رہے کہ مارچ میں ریاست اتراکھنڈ میں کانگریس کے نوارکان نے وزیراعلی ہریش راوت سے بغاوت کردی تھی جس کے نتیجے میں ریاستی حکومت اقلیت میں آگئی تھی اور فلورٹیسٹ ہونے سے پہلے ہی مرکزی حکومت نے وہاں صدر راج کے نفاذ کی سفارش کر دی تھی-- مرکزی حکومت کے اس فیصلے کو کانگریس نے جمہوریت کا قتل قرار دیا تھا - اس کے بعد کانگریس نے مرکزی حکومت کے اقدام کو عدالت میں چیلنج کیا تھا یوں عدالت نے فلورٹیسٹ کا حکم دیا جس میں کانگریس کو ایک بار پھر فتح نصیب ہوئی -