ہندوستان کی جنوبی ریاستوں میں اسمبلی انتخابات
ہندوستان کی تین جنوبی ریاستوں تامیل ناڈو، کیرالا اور پڈوچیری میں اسمبلی انتخابات کے لئے ووٹ ڈالے گئے۔
ہندوستان کی جنوبی ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں تامیل ناڈو کی وزیراعلی جے للیتا اور کیرالا کے وزیراعلی اومن چانڈی کی قسمت کا بھی فیصلہ ہونے والا ہے۔ جنوب کی تینوں ہی ریاستوں میں خاص طور پر تامیل ناڈو میں مختلف جماعتوں کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔
ووٹنگ سے پہلے وزیراعظم نریندرمودی نے رائے دہندگان سے اپیل کی تھی کہ وہ بڑے پیمانے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ تینوں ہی ریاستوں میں پولنگ کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
تامیل ناڈو میں دو سو تیس نشستوں کے لئے تین ہزار سات سو چالیس امیدوار میدان میں ہیں جبکہ کیرالا میں ایک سو چالیس سیٹوں کے لئے بارہ سو تین امیدوار میدان میں ہیں اور مرکز کے زیرانتظام پڈوچیری میں تین سو چوالیس امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں-
اس سے پہلے مغربی بنگال اور آسام میں بھی پولنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور پانچوں ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان انیس مئی کو ایک ساتھ کیا جائے گا۔
ماہرین ان اسمبلی انتخابات کو مرکز میں برسراقتدار نریندر مود ی کی دو سالہ حکومت کی مقبولیت کے معیار کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔