ہندوستان میں پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i227044-ہندوستان_میں_پانچ_ریاستوں_کے_اسمبلی_انتخابات_کے_نتائج_کا_اعلان
ہندوستان میں پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے اور سب سے دلچسپ نتائج ریاست مغربی بنگال اور تامیل ناڈو میں سامنے آئے ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۱۹, ۲۰۱۶ ۱۵:۱۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان

ہندوستان میں پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے اور سب سے دلچسپ نتائج ریاست مغربی بنگال اور تامیل ناڈو میں سامنے آئے ہیں۔

ہندوستان کی پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے مطابق ریاست مغربی بنگال میں وزیراعلی ممتابنرجی پہلے سے بھی زیادہ سیٹیں جیت کر دوبارہ حکومت بنائیں گی جبکہ ریاست تامیل ناڈو میں بھی وزیراعلی جے للیتا ہی ایک بار پھر حکومت بنائیں گی- ریاست تامیل ناڈو میں پینتیس سال بعد ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ جب کسی ایک جماعت نے لگارتار دو بار اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے-

ادھر ریاست آسام میں گذشتہ پندرہ برسوں سے کانگریس کی حکمرانی کا دور بھارتیہ جنتا پارٹی نے ختم کر دیا ہے اور ملک کی کسی شمال مشرقی ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی پہلی بار حکومت بنائے گی-

کیرالا میں بھی کانگریس کی حکومت کا خاتمہ ہو گیا اور وہاں بائیں بازو کی جماعتوں کے اتحاد نے فتح حاصل کی ہے جبکہ پڈوچری میں کانگریس اور این آر سی کے درمیان سخت مقابلہ ہے حالانکہ وہاں کانگریس کو کچھ سبقت حاصل ہے -

ریاست مغربی بنگال میں وزیراعلی ممتابنرجی کی جماعت ترنمول کانگریس نے دو سو سولہ نشستیں جیت کر تقریبا دو تہائی اکثریت حاصل کر لی ہے جبکہ کانگریس اور اس کے اتحاد کو ستر سیٹیں ملی ہیں اور بائیں بازو کی جماعتیں تیسرے نمبر پر چلی گئی ہیں- تامیل ناڈو میں وزیراعلی جے للیتا کی اے آئی اے ڈی ایم کے کو ایک سو اکتیس اور کروناندھی کی جماعت ڈی ایم کے کو اٹھاسی نشستیں ملی ہیں-

کیرالا میں بائیں بازور کے اتحاد ایل ڈی ایف کو اکیانوے اور یو ڈی ایف کو سینتالیس نشستیں ملی ہیں جبکہ ریاست آسام میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے اٹھاسی نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور کانگریس پارٹی کو تیئس سیٹیں ملی ہیں۔ ریاست آسام میں بدرالدین اجمل کی جماعت آل انڈیا یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کو سولہ نشستوں پر کامیابی ملی ہے-

آسام میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ریاست میں بنگالی بولنے والے مسلمانوں کی بڑی تعداد نے بی جے پی کے وعدے پربھروسہ کرتے ہوئے اس کے حق میں ووٹ دیا ہے- بی جے پی کے نامزد وزیراعلی نے انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ اگر وہ ریاست میں حکومت بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو انیس سو اکیاون کے بعد اور انیس سو اکہتر سے پہلے بنگلہ دیش سے آسام آنے والے سبھی بنگالی مسلمانوں کو شہریت دے دیں گے-

وزیراعظم نریندرمودی نے پانچ ریاستوں میں کامیابی حاصل کرنے والی جماعتوں کو مبارکبادپیش کی ہے- کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے آسام اور کیرالا میں کانگریس کی حکومتوں کے خاتمے اور پارٹی کی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس وقت تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گے جب تک عوام کا اعتماد دوبارہ کانگریس پر بحال نہیں ہو جاتا-