متھرا کے جواہر باغ میں امریکی ساخت کا راکٹ لانچر دریافت
ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے شہر متھرا کے جواہرباغ میں پچھلے دنوں ایک خاص گروہ اور پولیس کے درمیان ہوئے خونریز تصادم کے بعدسرچ آپریشن کے بعد امریکی ساخت کا ایک راکٹ لانچر ملا ہے
ہندوستانی میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ متھرا کے جواہر باغ میں ایک خاص گروہ اور پولیس کے درمیان خونریز تصادم کے بعد سرچ آپریشن مسلسل جاری ہے جس کے دوران پولیس کو ایک ایسا راکٹ لانچر بھی ملا ہے جو امریکا کا بنا ہوا ہے -
جواہر باغ پرغیرقانونی قبضہ کرنے والے گروہ کے ساتھ پولیس کے تصادم میں انتیس افراد مارے گئے تھے جن میں ایک ایس پی اور ایک سینیئر پولیس افسر شامل تھا - پولیس کا کہنا ہے کہ راکٹ لانچر پر میڈ این یو ایس اے لکھا ہے اور اس کا نمبر بھی درج ہے - اس راکٹ لانچر کے ملنے کے بعد بی ڈی ایس ٹیم کے انچارج نے نامعلوم افراد کےخلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے -
واضح رہے کہ متھرا کی ضلعی انتظامیہ کے دفتر کے قریب واقع جواہر باغ پر جو ایک سرکاری ملکیت ہے ایک خاص گروہ نے گذشتہ دوسال سے غیر قانونی قبضہ کر رکھا تھا - اس غیر قانونی قبضے کو چھڑانے کے لئے پولیس، جب اس مقام پر پہنچی تو اس گروہ کے افراد نے جو ایک سادھو کے پیرو تھے پولیس پر حملہ کر دیا اور پھر اس کے بعد ہوئے شدید تصادم میں انتیس افراد ہلاک ہوگئے تھے - اس واقعے میں ایک سو چوبیس افراد کو گرفتار کرلیا گیا تھا جبکہ بعد میں اس گروہ کے سرغنہ نام نہاد سادھو کو بھی ہلاک کر دیا گیا تھا -