پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے لئے ہندوستان کی شرط
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i231142-پاکستان_کے_ساتھ_مذاکرات_کے_لئے_ہندوستان_کی_شرط
ہندوستان نے کہا ہے کہ پاکستان سے دوبارہ مذاکرات اسی صورت میں شروع ہوں گے جب اسلام آباد پٹھان کوٹ حملے کے مجرموں کو سزا دے گا
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۱۲, ۲۰۱۶ ۱۵:۰۵ Asia/Tehran
  • پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے لئے ہندوستان کی شرط

ہندوستان نے کہا ہے کہ پاکستان سے دوبارہ مذاکرات اسی صورت میں شروع ہوں گے جب اسلام آباد پٹھان کوٹ حملے کے مجرموں کو سزا دے گا

ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے موجودہ صورت حال میں پاکستان کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات شروع کرنے لئے ضروری ہے کہ اسلام آباد پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملے کے مجرموں کو سزا دے-

ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے مذاکرات کو دوبارہ شروع کرانے کے لئے اب تک کسی قسم کی کوئی کوشش نہیں کی گئی ہے - ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی حکومت کو پٹھان کوٹ حملے کے مجرموں کو سزا دینے کے لئے حکومت پاکستان کے عملی اقدامات کا انتظار ہے -

واضح رہے کہ جنوری کے اوائل میں ہندوستان کی ریاست پنجاب میں پٹھان کوٹ ایئربیس پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا تھا جس میں متعدد ہندوستانی فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے - ہندوستان نے اس حملے کی ذمہ داری پاکستان میں سرگرم کالعدم تنظیم جیش محمد پر عائد کی تھی اور اس کے ثبوت میں حملہ آوروں کے کچھ ٹیلی فون نمبر بھی حکومت پاکستان کو دئے تھے جن کے صحیح ہونےکی اسلام آباد نے تصدیق کی تھی -

ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب دس روز قبل خود انہوں نے ہی کہا تھا کہ پٹھان کوٹ حملے میں حکومت پاکستان کا رول ثابت نہیں ہو سکا ہے -