ہندوستان کی کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنما کمل ناتھ کا استعفی
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i231790-ہندوستان_کی_کانگریس_پارٹی_کے_سینیئر_رہنما_کمل_ناتھ_کا_استعفی
ہندوستان میں حزب اختلاف کانگریس پارٹی کے سینیئر لیڈر کمل ناتھ نے انیس سو چوراسی میں دہلی میں ہوئے سکھ مخالف فسادات میں اپنا نام خبروں میں آنے کے سبب پارٹی کے جنرل سکریٹری اور پنجاب کےانچارج کے عہدے سے استعفا دے دیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۲:۰۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنما کمل ناتھ کا استعفی

ہندوستان میں حزب اختلاف کانگریس پارٹی کے سینیئر لیڈر کمل ناتھ نے انیس سو چوراسی میں دہلی میں ہوئے سکھ مخالف فسادات میں اپنا نام خبروں میں آنے کے سبب پارٹی کے جنرل سکریٹری اور پنجاب کےانچارج کے عہدے سے استعفا دے دیا ہے۔

کانگریسی رہنما کمل ناتھ نےانیس سو چوراسی میں دہلی میں ہوئے سکھ مخالف فسادات میں کسی بھی طرح سے ملوث ہونے کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں ان کا نام بلاوجہ شامل کیا جا رہا ہے اور اس غیر ضروری تنازعہ کی وجہ سے وہ پارٹی کے عہدوں سے استعفادے رہے ہیں-

انہوں نے پارٹی کی صدرسونیا گاندھی کو خط لکھ کر ان سے کہا کہ وہ انہیں ریاست پنجاب کے انچارج کے عہدے سے ہٹا دیں- کمل ناتھ نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ دہلی میں انیس سو چوراسی میں ہوئے سکھ مخالف فسادات کے سلسلے میں ان کے اوپر جو الزامات لگائے جا رہے ہیں ان سے انہیں ٹھیس پہنچی ہے-

واضح رہے کہ اکتیس اکتوبر انیس سو چوراسی کو اس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی کو ان کے ہی سکھ محافظوں کے ہاتھوں قتل کر دئے جانے کے بعد دہلی میں سکھوں کے خلاف فسادات بھڑک اٹھے تھے جن میں بڑی تعداد میں سکھ مارے گئے تھے۔