لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کا تبادلہ
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کے حملے اور لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوجیوں کی فائرنگ میں دو ہندوستانی فوجی مارے گئے ہیں۔
پرس ٹی وی نے خبر دی ہے کہ ہندوستانی فوجی ذریعے نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ مسلح افراد نے ماچھیل سیکٹر میں ہندوستانی فوجیوں پر حملہ کرکے ایک ہندوستانی فوجی کو ہلاک کر دیا اور اس کے بعد مذکورہ ہندوستانی فوجی کی لاش بھی مسخ کر دی -
ہندوستانی فوجی ذریعے نے دعوی کیا جوابی کارروائی میں ایک مسلح حملہ آور بھی مارا گیا ہے- ہندوستانی فوجی حکام نے مسلح افراد کے ذریعے ہندوستانی فوجی کی لاش کو مسخ کئے جانے کے اقدام کو انتہائی گھناؤنی حرکت قراردیا ہے -
اس درمیان ہندوستانی فوجی حکام نے دعوی کیا ہے کہ ہفتے کو لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوجیوں کی جانب سے کی گئی فائرنگ میں ایک اور ہندوستانی فوجی ہلاک ہو گیا ہے - ہلاک ہونے والے ہندوستانی فوجی کی شناخت کولی سبھاش نام سے ہوئی ہے -
پاکستانی فوجیوں کی جانب سے فائرنگ میں ایک ہندوستانی فوجی کی ہلاکت کا ہندوستان کا یہ دعوی ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پاکستانی حکام نے بھی جمعے کو دعوی کیا تھا کہ ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستانی فوجیوں کی فائرنگ میں کم سے کم چھے پاکستانی عام شہری مارے گئے ہیں -
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیرمیں گذشتہ آٹھ جولائی کے بعد سے جاری پرتشدد مظاہروں کے بعد پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہو گئے ہیں اور دونوں ہی ممالک وادی کشمیر میں حالات کے خراب ہونے کا ذمہ دار جہاں ایک دوسرے کو قراردے رہے ہیں وہیں لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا بھی ایک دوسرے پر الزام لگا رہے ہیں-
اس درمیان اطلاعات ہیں کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔