قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے باہمی تعاون پر ہندوستانی وزیراعظم کی تاکید
ہندوستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ آباد علاقوں کو تیزی کے ساتھ شہری شکل دینے کا عمل آفات کے خدشات کو جنم دے رہا ہے۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے نئی دہلی میں ایشیائی ملکوں کے ہنگامی حالات کے امور کے وزیروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آباد علاقوں کو مزید شہری شکل دینے کے عمل سے آفات کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے- تاہم انہوں نے کہا کہ ٹھوس پالیسیوں علاقائی و بین الاقوامی سطح پر باہمی تعاون اور لوگوں میں اس محاذ پر بیداری لاکر ہم اس سے بھی بڑے چیلنج کا مقابلہ کرسکتے ہیں اور دنیا کو آفات اور حادثات سے محفوظ بنانے کی سمت قدم آگے بڑھا سکتے ہیں- ہندوستانی وزیراعظم نے کہا کہ حادثات کے بعد ہمیں جو درس ملتا ہے انہیں بھولنا نہیں چاہئے- ہندوستانی وزیراعظم نے کہا کہ پچیس سال پہلے ایشیا کے کچھ ہی ملکوں کے پاس آفات اور حادثات سے نمٹنے اور بچاؤ کے وسائل تھے لیکن اب تقریبا تیس ایشیائی ملکوں کے پاس یہ سہولتیں موجود ہیں- انہوں نے کہا کہ اس میدان میں پچھلے تیس برسوں میں پوری دنیا میں بالعموم اور ایشیا میں خاص طور پر مثبت تبدیلی آئی ہے- انہوں نے کہا کہ ہندوستان کسی بھی آفت کی گھڑی میں اپنے پڑوسیوں اور دیگر ممالک کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کام کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے-