این ڈی ٹی وی انڈیا کی نشریات پر ایک دن کی پابندی
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i256603-این_ڈی_ٹی_وی_انڈیا_کی_نشریات_پر_ایک_دن_کی_پابندی
ہندوستان کی مرکزی حکومت نے ہندی نیوز چینل این ڈی ٹی وی انڈیا کی نشریات پر ایک دن کے لئے پابندی عائد کردی ہے
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Nov ۰۴, ۲۰۱۶ ۱۷:۱۲ Asia/Tehran
  • این ڈی ٹی وی انڈیا کی نشریات پر ایک دن کی پابندی

ہندوستان کی مرکزی حکومت نے ہندی نیوز چینل این ڈی ٹی وی انڈیا کی نشریات پر ایک دن کے لئے پابندی عائد کردی ہے

حکومت نے نیوزچینل این ڈی ٹی وی انڈیا کو پٹھان کوٹ ایئربیس پر دہشت گردانہ حملے کی کوریج کے سلسلے میں پروگرام کوڈ کی خلاف ورزی کرنے کی بنا پر سزا دیتے ہوئے ایک دن کی اپنی نشریات بند رکھنے کا حکم دے دیا ہے- ہندوستان کی وزارت اطلاعات و نشریات کے ایک سینیئرعہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ مذکورہ ٹی وی چینل کے خلاف دہشت گردانہ حملے کی کوریج کے دوران قومی سلامتی کے لئے خطرناک حساس معلومات کو اجاگر کرنے کی شکایت کی گئی تھی - ہندوستانی وزارت اطلاعات و نشریات کے عہدیدار نے کہا ہے کہ این ڈی ٹی وی کو حکومت کے حکم پرعمل کرنے کے لئے ایک ہفتے کی مہلت دی گئی ہے اوراگر ایسانہ کیا گیا تو اس کے خلاف دوسرا قدم اٹھایا جائے گا - دوسری جانب این ڈی ٹی وی انڈیا نے حکومت کے حکم کو حیرت انگیز قراردیتے ہوئے خود حکومت پر الزام لگایا ہے کہ پابندی کے لئے صرف اس کو ہی چنا گیا ہے - این ڈی ٹی وی کا کہنا ہے کہ وہ اس سلسلے میں سبھی متبادل راستوں پر غور کررہا ہے -حزب اختلاف کی جماعتوں نے بھی حکومت کے اس فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس قسم کے اقدامات ایمرجنسی کے دور کی یاد دلا رہے ہیں - تاہم حکومت نے حزب اختلاف کے بیان کے جواب میں کہا ہے کہ ملک کی سلامتی سے بالاتر کوئی بھی نہیں ہے -