آلودگی کے باعث دھلی کے اسکول بند، تعمیراتی کاموں پر پابندی
شدید ماحولیاتی آلودگی کے بعد ہندوستان کے دارالحکومت دھلی کے چھے ہزار اسکول بند کر دیئے گئے ہیں۔
نئی دھلی سے ہمارے نمائندے کے مطابق حکومت ہندوستان نے فضائی آلودگی میں خطرناک حدتک اضافے کے بعد دارالحکومت کے تمام اسکولوں کو تین روز کے لیے بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔متعلقہ اداروں کے مطابق دھلی میں آلودگی کا تناسب مجاز حد سے گیارہ فی صد زیادہ ہوگیا ہے۔کہا جارہا ہے کہ گزشتہ ہفتے دیوالی کے موقعے پر کی جانے والے آتشبازی، کچرا جلانے، گاڑیوں اور کارخانوں کا دھواں اور تعمیراتی کاموں کی وجہ سے اٹھنے والا گرد و غبار، دارالحکومت میں پیدا ہونے والی آلودگی کی اہم وجوہات ہیں۔حکومت ہندوستان نے آلودگی میں کمی کی غرض سے تعمیراتی کاموں پر پانچ روز کے لیے پابندی عائد کردی ہے جبکہ تھرمل بجلی گھر کو دس روز کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ دھلی کا شمار دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ہوتا ہے تاہم موجودہ آلودگی نے پچھلے سترہ سال کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔