Nov ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۳:۵۵ Asia/Tehran
  • نوٹوں کی منسوخی سے مسائل و مشکلات کا سلسلہ بدستور جاری

ہندوستان میں نوٹوں پر پابندی سے عوام کو ہونے والے مسائل و مشکلات کا سلسلہ بدستور جاری ہے-

پورے ہندوستان میں پانچ سو اور ایک ہزار کے نوٹوں کی منسوخی کے باعث گذشتہ ایک ہفتے سے عوام کو درپیش مشکلات کا سلسلہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے- جہاں ایک طرف بینکوں میں لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں وہیں اے ٹی ایم بھی نوٹوں سے خالی پڑے ہیں- ہندوستانی ذرائع سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اتوار کو بھی مختلف شہروں میں اے ٹی ایم کے سامنے عوام کی بھاری بھیڑ نظرآئی تاہم بہت سے لوگوں کو خالی ہاتھ ہی لوٹنا پڑا- رپورٹ کے مطابق دارالحکومت دہلی سے ملحق نوئیڈا میں سب سے زیادہ اے ٹی ایم سیکٹر اٹھارہ میں ہیں یہاں چالیس بینکوں کے ساتھ پینتیس اے ٹی ایم ہیں جبکہ صرف تین اے ٹی ایم میں ہی کیش موجود ملے- دہلی سے متصل شہر غازی آباد سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق یہاں بھی زیادہ تراے ٹی ایم خالی پڑے ہیں جس کی وجہ سے صبح سے ہی قطاروں میں لگے لوگ کافی غصے میں نظرآئے- اور یہی حالت اکثر شہروں میں ہے- ہندوستان کی عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیر اعلی کیجری وال نے پانچ سو اور ہزار روپیے کے نوٹوں کی منسوخی کے خلاف ریاست اترپردیش میں تین احتجاجی مظاہروں سے خطاب کریں گے- دہلی کے وزیراعلی پہلی یکم دسمبر کو لکھنؤ میں پہلے عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے جبکہ آٹھ دسمبر کو وہ میرٹھ اور اٹھارہ دسمبر کو بنارس میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے - عام آدمی پارٹی کے ترجمان ویبھومہیشوری نے اس کی تصدیق کی ہے- عام آدمی پارٹی کے ترجمان کے مطابق یہ پارٹی نے نوٹوں کی منسوخی کے باعث عوام کو پیش آنے والی مشکلات کے موضوع پر ہر طبقے کے افراد سے گفتگو کا پروگرام تیار کیا ہے-