نوٹ بین معاملہ ہندوستانی پارلیمنٹ میں ہنگامہ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i259036-نوٹ_بین_معاملہ_ہندوستانی_پارلیمنٹ_میں_ہنگامہ
ہندوستان میں ایک ہزار اور پانچ سو کے پرانے نوٹوں پر پابندی کے خلاف پیر کو بھی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں زبردست ہنگامہ ہوا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Nov ۲۱, ۲۰۱۶ ۱۵:۳۳ Asia/Tehran
  • نوٹ بین معاملہ ہندوستانی پارلیمنٹ میں ہنگامہ

ہندوستان میں ایک ہزار اور پانچ سو کے پرانے نوٹوں پر پابندی کے خلاف پیر کو بھی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں زبردست ہنگامہ ہوا۔

پیر کو بھی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کارروائی شروع ہوتے ہی حزب اختلاف کے اراکین نے نوٹ بین معاملے پر شدید ہنگامہ کیا اور ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دی- حزب اختلاف کے ارکان کا مطالبہ تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی ایوان میں آکر بیان دیں لیکن حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی- حزب اختلاف کے ارکان کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ نوٹ بین فیصلے کے نتیجے میں ملک میں اب تک ستر لوگوں کی جانیں جا چکی ہیں اس لئے ایوان میں ان کے لواحقین سے ہمدردی کا بیان جاری کیا جائے-

اس درمیان حکومت کی طرف سے دونوں ایوانوں میں صاف طور پر کہہ دیا گیا ہےکہ یہ فیصلہ واپس نہیں لیا جائے گا البتہ اس سلسلے میں حزب اختلاف کی تجاویز اور مشوروں پر غور کیا جا سکتا ہے- حزب اختلاف کے سبھی اہم رہنما پیر کو بھی حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے نظر آئے-

کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے ایوان کے باہر نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران وزیراعظم نریندر مودی پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے دماغ میں جو آتا ہے وہ کر بیٹھتے ہیں اور کسی سے پوچھنے کی ضرورت محسوس نہیں کرتے- انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم فیصلہ اکیلے کرتے ہیں اپنے وزیروں سے بھی نہیں پوچھتے۔